news
English

شاہین آفریدی کی ٹی 20 کپتانی پر غیر یقینی کےسائے بدستورموجود  

ٹیم کی قیادت کسی کو دی تو مدت طویل ہوگی، عامر کی واپسی کا فیصلہ بھی سلیکٹرز کریں گے۔

شاہین آفریدی کی ٹی 20 کپتانی پر غیر یقینی کےسائے بدستورموجود  

شاہین شاہ آفریدی کی ٹی 20 ٹیم کی مزید قیادت کے لیے خطرے کی گھنٹی بج گئی۔ 
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ممکنہ قیادت کے بارے میں سوال کیا گیا تو انھوں نے کہا کہ ابھی تک تو میں بھی نہیں جانتا کہ کپتان کون ہوگا، شاہین شاہ آفریدی ہی کپتان ہوں گے یا نیا آئے گا، اس کا فیصلہ سوچ سمجھ کر ہوگا، کئی تکنیکی عوامل کا جائزہ لیا جارہا ہے، سلیکشن کمیٹی مشاورت کررہی ہے، تربیتی کیمپ مکمل ہونے پر کوئی فیصلہ کرلیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایک بار کسی کو کپتان بنایا تو طویل مدت کے لیے ہوگا، ایک میچ ہارنے پر تبدیلی کی بات نہیں ہوگی، محمدعامر کے بارے میں بھی فیصلہ سلیکشن کمیٹی کرے گی، ابھی سلیکٹرز کا تقررہواہے، انھیں تھوڑا وقت دیں، مثبت چیزیں جلد سامنے آنا شروع ہوجائیں گی۔ عماد وسیم کو یک نکاتی انداز میں صرف یہ کہا گیا ہے کہ واپس آ جائیں اور کھیلیں، ورلڈ کپ 202 4کے لیے ٹیم مضبوط کرنے کی ضرورت تھی، ان سے سادہ سی بات ہوئی۔ 
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پی ایس ایل9 کے اچھے پرفارمرز کو کیمپ میں بلا رہے ہیں، کسی لابی کی نہیں سنیں گے، کمیٹی میرٹ پر کام کرے گی، سب چاہتے ہیں کہ ٹی 20 ورلڈکپ کیلیے ایک مضبوط ٹیم بنے،کنٹریکٹ کے مطابق لیگز کے حوالے سے سب کیلیے یکساں این او سی پالیسی ہو گی، کسی کھلاڑی کے ساتھ فیورٹ ازم نہیں ہو گا۔ 
چیئرمین پی سی بی نے پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی اور پاکستان سپر لیگ میں مزید ٹیموں کو شامل کرنے کی بات بھی کی۔