news
English

پاک بھارت میچ: ذکاء اشرف کل بھارت کیلئے روانہ ہوں گے

فینز اور صحافیوں کو ویزے جاری کرنے کی یقین دہانی کے بعد بھارت جانے کا فیصلہ کیا، سربراہ مینجمنٹ کمیٹی

پاک بھارت میچ: ذکاء اشرف کل بھارت کیلئے روانہ ہوں گے

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکاء اشرف روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ دیکھنے کیلئے کل بھارت روانہ ہوں گے۔ 
ترجمان پی سی بی کے مطابق بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکاء اشرف بھارت کی جانب سے شائقین کرکٹ اور پاکستانی صحافیوں کو ویزے جاری کرنے کی یقین دہانی کے بعد میگا ایونٹ میں شرکت کیلئے بھارت جارہے ہیں۔ 
اس سے قبل پاکستانی شائقین اور صحافیوں کو ویزے جاری نہ کیے جانے پر انہوں نے بھارت جانے کا فیصلہ موخر کردیا تھا۔ 
ذکاء اشرف کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم نے ورلڈکپ میں اب تک عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، قوم کھلاڑیوں کے ساتھ ہے۔ میرے بھارت جانے کا مقصد ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کیخلاف میچ کیلئے کھلاڑیوں کو یہی پیغام ہے کہ وہ بےخوف ہوکر کھیلیں، جیسا کہ وہ پورے ایونٹ میں کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم ایونٹ میں اپنا اگلا میچ روایتی حریف بھارت کیخلاف 14 اکتوبر کو احمد آباد میں کھیلے گی، اس میچ کو دیکھنے کے لیے بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ سمیت بھارتی فنکاروں اور اعلیٰ سیاسی شخصیات کی آمد بھی متوقع ہے۔