news
English

ایشیاکپ: پاکستان کی جے شاہ کو پہلا میچ دیکھنے کی دعوت

آمد کا کوئی امکان نہیں لگتا، دیگر ایشیائی بورڈز کے حکام کو بھی مدعو کرلیا گیا۔

ایشیاکپ: پاکستان کی جے شاہ کو پہلا میچ دیکھنے کی دعوت

پاکستان نے جے شاہ کو ایشیا کپ کا افتتاحی میچ دیکھنے کی دعوت دے دی، دیگر ایشیائی بورڈز کے حکام کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ 
پاکستان کی میزبانی میں ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایشیا کپ 30 اگست کو شروع ہوگا، افتتاحی میچ میزبان اور نیپال کے درمیان ملتان میں ہونا ہے، 4 میچز پاکستانی گراؤنڈز جبکہ دیگر 9 سری لنکا میں شیڈول ہیں۔ 
پی سی بی کی جانب سے گزشتہ دنوں ایشین کرکٹ کونسل کے صدر و سیکریٹری بھارتی کرکٹ بورڈ جے شاہ کو بھی افتتاحی میچ دیکھنے کے لیے مدعو کر لیا گیا، دیگر ایشیائی بورڈ حکام کو بھی دعوت نامہ بھیجا گیا ہے البتہ جے شاہ کی آمد کا کوئی امکان نہیں لگتا۔ 
گزشتہ دنوں ڈربن میں آئی سی سی میٹنگ کی سائیڈ لائنز پر ان کی پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ سے ملاقات ہوئی تھی، ذکا اشرف نے اس وقت جب انھیں پاکستان آنے کا کہا تو وہ مان گئے مگر بعد میں کسی کے کہنے پر انکار کر دیا تھا۔ 
بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہم جانتے ہیں کہ بھارت سے کوئی بھی ایشیا کپ کا میچ دیکھنے نہیں آئے گا لیکن پاکستان نے کھیلوں میں سیاست کو کبھی شامل نہیں کیا، ہم نے جذبہ خیرسگالی کے تحت دیگر بورڈز کی طرح بھارت کو بھی دعوت نامہ بھیجا ہے، اب وہ آتے ہیں یا نہیں ان کی مرضی، اس سوال پر کہ اگر ذکا اشرف کو ورلڈکپ کیلیے دورئہ بھارت کی دعوت ملی تو وہ جائیں گے بورڈ ذرائع نے کہا کہ اس کا فیصلہ وقت آنے پر حکومت کی مشاورت سے ہی ہو سکے گا۔ 
 یاد رہے کہ میگا ایونٹ اکتوبر، نومبر میں ہوگا،پاکستان کا بھارت سے مقابلہ 14 اکتوبر کو احمد آباد میں شیڈول ہے۔