news
English

چیمپئنز ٹرافی2025: بھارت شریک نہ ہوا تو پلان بی کیا ہوگا؟

اگر بھارت نے پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کردیا تو پی سی بی کیا کرے گا، ابھی تک کوئی متبادل منصوبہ نہیں بنایا گیا۔

چیمپئنز ٹرافی2025: بھارت شریک نہ ہوا تو پلان بی کیا ہوگا؟

پاکستان میں اگلے سال کے لیے شیڈول چیمپئنز ٹرافی کے معاملات پیچیدہ ہونے لگے جب کہ بھارت کی ممکنہ عدم شرکت پر پی سی بی کا پلان بی ابھی تک تیار نہیں ہوسکا۔ 
آئی سی سی نے کچھ عرصے قبل چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان کو سونپی تھی، پی سی بی نے حال ہی میں تین بڑے اسٹیڈیمز کو اپ گریڈ کرنے کا اعلان کیا ہے جس پر اربوں روپے خرچ ہوں گے، البتہ ابھی تک ایونٹ کے کئی معاملات حل طلب ہیں۔ 
موجودہ حالات میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا کوئی امکان نظر نہیں آتا، ایسے میں ایشیا کپ کی طرح ہائبرڈ ماڈل اپنایا جاسکتا ہے جس سے اخراجات بے تحاشا بڑھ جائیں گے۔  
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت اپنے میچز ہوم گراؤنڈ پر ہی کھیلنے کی خواہش رکھتا ہے، ابھی پی سی بی نے کوئی فیصلہ تو نہیں کیا لیکن یو اے ای کا آپشن موجود ہوگا، دوسری جانب فروری، مارچ میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی پی ایس ایل سمیت کئی لیگز سے متصادم ہوگی۔ 
ان تاریخوں میں ایس اے ٹوئنٹی، بنگلہ دیش لیگ اور آئی ایل ٹی ٹوئنٹی بھی ہوتی ہیں، اپریل، مئی میں آئی پی ایل ہوگی، بورڈ اور پاکستانی فرنچائزز کسی کو ابھی علم نہیں کہ آئندہ برس سپر لیگ کب ہوگی۔  
یاد رہے کہ پاکستان نے تاخیر سے چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے معاہدے پر دستخط کیے تھے،آئی سی سی سے بعض معاملات پر یقین دہانی بھی لی گئی ہے۔ 
نئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی آئندہ ہفتے انٹرنیشل کوکٹ کونسل کی میٹنگ میں پی سی بی کی نمائندگی کریں گے، وہ چیمپئنز ٹرافی کے معاملات پر آئی سی سی اور بھارتی حکام سے کھل کر بات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔