news
English

انگلینڈ کا پی ایس ایل 10 پلے آف کی میزبانی سے انکار، پی سی بی کو دھچکا

انگلینڈ کے جواب کے بعد پی سی بی کے بعض حکام اب یو اے ای کو متبادل مقام کے طور پر تجویز کر رہے ہیں۔

انگلینڈ کا پی ایس ایل 10 پلے آف کی میزبانی سے انکار، پی سی بی کو دھچکا

انگلینڈ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے میچز کی میزبانی سے انکار کردیا، جس سے پی سی بی کی امیدوں کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ فرنچائز کو خدشہ ہے کہ آئی پی ایل کی وجہ سے اہم غیرملکی پلیئرز پاکستانی لیگ سے باہر ہو سکتے ہیں۔  
تفصیلات کے مطابق چند ماہ قبل پی سی بی نے  پی ایس ایل 10 کے پلے آف میچز اور فائنل کسی دوسرے ملک میں کرانے کا فیصلہ کیا تھا، اس حوالے سے انگلینڈ کو فیورٹ قرار دیا گیا، فرنچائز مالکان نے جب اخراجات وغیرہ کے بارے میں استفسار کیا تو انھیں بتایا گیا کہ ایک آفیشل وہاں جا کر معاملات کا جائزہ لیں گے۔  
ذرائع نے بتایا کہ گذشتہ دنوں اونرز کو آگاہ کر دیا گیا کہ انگلینڈ نے میزبانی سے انکار کر دیا ہے، ای سی بی نے اس کی وجہ اپنے میدانوں کا خالی نہ ہونا بیان کی، بعض پی سی بی آفیشلز اب میچز یو اے ای میں کرانے کی تجویز دے رہے ہیں، البتہ مئی میں وہاں ناقابل برداشت گرمی ہوتی ہے، ایسے موسم میں مقابلے کرانا دشوارہوگا۔  
پی ایس ایل 10 کے لیے دس اپریل سے 25 مئی کی مجوزہ تاریخیں سامنے آئی ہیں،انہی دنوں میں انڈین پریمیئر لیگ بھی جاری ہوگی، فرنچائز کو خدشہ ہے کہ اس وجہ سے اہم غیرملکی پلیئرز پاکستانی لیگ سے باہر ہو سکتے ہیں، انھوں نے نویں ایڈیشن کے منافع میں سے حصہ نہ ملنے اور دیگر امور پر کچھ عرصے قبل ایک خط بھی تحریر کیا تھا جس کا بی سی بی کی جانب سے اب تک جواب ہی نہیں دیا گیا۔ 
البتہ حال ہی میں ایک سینئر آفیشل نے اونرز سے فون پر گفتگو ضرور کی، اس میں ان سے جلد گورننگ کونسل میٹنگ طلب کرنے کا کہا گیا ہے۔