news
English

چیمپئنزٹرافی سے قبل نیشنل اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کا آغاز

آئی سی سی کا ایونٹ اگلے سال 19 فروری سے 9 مارچ تک تین مجوزہ مقامات لاہور، راولپنڈی اور کراچی میں شیڈول ہے۔

چیمپئنزٹرافی سے قبل نیشنل اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کا آغاز

پی سی بی نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے نیشنل بینک اسٹیڈیم کو اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ شروع کر دیا۔ 
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کے سلسلے میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی جزوی تعمیرنو اور تزئین و آرائش کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کردیا گیاہے۔ اگلے برس دفاعی چیمپئن اورمیزبان پاکستان نے19 فروری تا 9 مارچ شیڈول ایونٹ کے لیے 3 مراکز لاہور، راولپنڈی اور کراچی پر میچزتجویز کیے ہیں، اس ضمن میں پی سی بی اسٹیڈیمز کو مطلوبہ معیارکے مطابق بنانے کیلیے کوشاں ہے، نیشنل اسٹیڈیم کراچی کو اپ گریڈ کرنے کے منصوبے کے لیے منتخب ادارے نے بنیادی کام شروع کردیا ہے،ابتدائی مرحلے میں زمین کی پیمائش کے ساتھ ضروری تبدیلیوں کے حوالے سے نقشے تیارکرلیے گئے ہیں۔
ذرائع  کے مطابق  پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کی زیرصدارت ہفتے کےروز گورننگ بورڈ کے اجلاس میں مجوزہ  پلان کی منظوری دی جائے گی،اس کے بعد  باقاعدہ طور پر تعمیراتی کام شروع ہو جائے گا، منصوبے کے تحت مرکزی عمارت  کو گرانے کے بجائے مرمت کی جائے گی، میڈیا سینٹر کو الگ کرکے مقابل سمت میں نیا ڈیجیٹل اسکوربورڈ تعمیرکرکے اس کے ساتھ  منتقل کردیا جائیگا، ایسٹ اور ویسٹ سمت میں قائم  30 ہاسپیٹلیٹی باکسز کی حالت کوبھی بہتر بنایا جائے گا۔ 
پی سی بی کا ڈریسنگ رومزکو تزئین و آرائش کرکے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کا ارادہ ہے، انکلوژرز میں توڑ پھوڑ نہ کرنے کی تجویز ہے جبکہ 32 ہزار تماشائیوں کی گنجائش والے اسٹیڈیم کی نشستوں میں اضافے کا امکان نہیں ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی کے 2 وفود نے رواں سال  دورہ پاکستان کے دوران نیشنل اسٹیڈیم کی پلیئنگ فیلڈ کا تفصیلی جائزہ لے کر مختلف تجاویز اور سفارشات کے ساتھ رپورٹس پیش کی تھیں۔