news
English

پی سی بی کے ڈائریکٹر کمرشل پر بھی مفادات کے ٹکراؤ کا الزام  

ان کی آؤٹ ڈور میڈیا کمپنی مبینہ طور پر پی سی بی پارٹنرز کو اسپانسرز فروخت کرتی ہے۔

پی سی بی کے ڈائریکٹر کمرشل پر بھی مفادات کے ٹکراؤ کا الزام   

انضمام الحق کے بعد پی سی بی کے ڈائریکٹر کمرشل بابر حمید پر بھی مفادات کے ٹکراؤ کا الزام سامنے آگیا۔ 
پی سی بی کے ڈائریکٹر کمرشل بابر حمید اورنج کمیونیکیشن، افینٹی میڈیا اور پوسٹر کمپنی کے مالک بھی ہیں، ان کی ٹیم ملٹی نیشنل کمپنیز کے ساتھ ڈیل کرتی ہے، ان میں پی سی بی کے ساتھ معاہدے رکھنے والی ایک کمپنی بھی شامل ہے، ان کی آؤٹ ڈور میڈیا کمپنی مبینہ طور پر پی سی بی کے پارٹنرز کو اسپانسرز فروخت کرتی ہے۔ 
بورڈ کے کنٹریکٹ میں ہوتے ہوئے بابرحمید کی کمپنیز کے ساتھ وابستگی کو مفادات کا ٹکراؤ قرار دیا جارہا ہے۔  
یاد رہے کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی کھلاڑیوں کے معاملات دیکھنے والی کمپنی سے تعلق رکھنے کی وجہ سے مفادات کے ٹکراؤ کے الزام کی زد میں ہیں،ایک کمیٹی اس کیس کی انکوائری کررہی ہے۔ 
نمائندہ ’’ایکسپریس نیوز‘‘ کے استفسار پر پی سی بی کی ڈائریکٹر میڈیا اینڈ کمیونیکیشن عالیہ رشید نے کہا کہ بابر حمید نے اپنی کمپنیز ڈیکلیئر کر رکھی ہیں،یہ بی سی بی کے ساتھ کام نہیں کرتیں،بابر براڈ کاسٹنگ رائٹس کے معاملات کودیکھتے ہیں۔