news
English

ایشیاء کپ: مینجمنٹ کمیٹی انتظامی غلطیوں پر انتہائی ناخوش

میٹنگ میں سلمان نصیر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا، عہدے سے ہٹانے کی تجویز۔

ایشیاء کپ: مینجمنٹ کمیٹی انتظامی غلطیوں پر انتہائی ناخوش

پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی ایشیاء کپ میں ہونے والی انتظامی غلطیوں پر انتہائی ناخوش ہے، میٹنگ میں ٹورنامنٹ ڈائریکٹر سلمان نصیر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ 
پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس اتوار کے روز لاہور میں منعقد ہوا تھا، اب اس کی مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ کئی ارکان نے ایشیاء کپ میں ہونے والی انتظامی خامیوں پر ٹورنامنٹ ڈائریکٹر سلمان نصیر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا، ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا میں انتظامی لحاظ سے یہ ایونٹ تباہ کن ثابت ہوا، بورڈ کو اس حوالے سے کمیٹی بنا کر تحقیقات کرانی چاہیے۔ 
ارکان نے نشاندہی کی کہ ٹکٹوں کی قیمتوں میں بار بار تبدیلی ہوئی، تاریخ میں پہلی بار پاک بھارت میچز تقریبا شائقین سے خالی میدانوں پر ہوئے، یہ مناظر دیکھنا خاصا شرمناک تھا، بعض ارکان نے کمزور مینجمنٹ پر سلمان نصیر کو عہدے سے ہٹانے اور کسی اور کو سی او او بنانے کی تجویز دی، ڈائریکٹر انٹرنیشنل عثمان واہلہ بھی تنقید کی زد میں آئے۔ 
اس موقع پر چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف نے کہا کہ سلمان ایک اہل آفیشل ہیں اور ہمارے دل میں ان کے لیے بڑی عزت موجود ہے،ابھی ماحول تھوڑا تلخ ہوگیا ہے اس لیے میٹنگ میں وقفہ کرلیتے ہیں۔ یاد رہے کہ سلمان نصیر کا ستارہ ان دنوں گردش میں ہے۔ 
لیگل ڈپارٹمنٹ پر ان کی گرفت کمزور ہوچکی ہے اور ہائی کورٹ کے وکیل بلال بطور ڈائریکٹر پی سی بی کو جوائن کرچکے ہیں،حیران کن طور پر ان کے آنے سے پہلے ہی ہیڈ آف لیگل اریبہ خلیل 2 ماہ کی چھٹیوں پر ملک سے باہر چلی گئیں۔ 
منیجر لیگل سعد عمران کو تین ماہ کے لیے آئی سی سی میں ڈیپوٹیشن پر بھیجا جارہا ہے، ذکاء اشرف کو بھی اس کا علم بعد میں ہوا، سینئرز کی عدم موجودگی میں نئے ڈائریکٹر کو معاملات سنبھالنے میں مشکل پیش آسکتی ہے۔