news
English

پی سی بی: انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ کے لیے شاہد انورکا نام فائنل

پاکستان کی ہوم سیریز ایک چار روزہ میچ پر مشتمل ہوگی جس کے بعد 50 اوورز کے پانچ میچ ہوں گے۔

پی سی بی: انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ کے لیے شاہد انورکا نام فائنل

پی سی بی نے قومی انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ صبیح اظہر کو عہدے سے ہٹادیا اور ان کی جگہ شاہد انور کا نام بطور ہیڈ کوچ فائنل کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ صبیح اظہر کو عہدے سے فارغ کردیاہے اور ان کی جگہ شاہد انور کا نام بطور ہیڈ کوچ فائنل کرلیا ہے۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ نے آج سری لنکا کی انڈر 19 ٹیم کے خلاف 15 اکتوبر سے کراچی میں کھیلی جانے والی ہوم سیریز کے لیے پاکستان انڈر 19 ٹیم مینجمنٹ کی تصدیق کر دی ہے۔ 
یہ سیریز ایک واحد چار روزہ میچ پر مشتمل ہوگی جس کے بعد 50 اوورز کے پانچ میچ ہوں گے۔ 
سابق انٹرنیشنل کرکٹر شاہد انور چھ رکنی ٹیم مینجمنٹ کے سربراہ ہوں گے۔ 55 سالہ شاہد 1996 میں انگلینڈ کے خلاف ایک ون ڈے میچ میں قومی کٹ میں ایک بار بین الاقوامی سطح پر نظر آئے تھے۔ 
قومی انڈر 19اسکواڈ آج کراچی کے مقامی ہوٹل میں جمع ہوگا اور اگلے دو دن نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں ٹریننگ کرے گا۔ تربیت کا شیڈول مقررہ وقت پر جاری کیا جائے گا۔ 
پی سی بی ذرائع کے مطابق شاہد انور ڈومیسٹک ٹیموں کی بھی کوچنگ کرچکے ہیں، شاہد انور سے قبل پی سی بی نے انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ کے لئے سابق کرکٹر محمد یوسف سے بھی رابطہ کیا تھا۔  
چار روزہ میچ کے لیے پاکستان انڈر 19 اسکواڈ:
سعد بیگ (کپتان اور وکٹ کیپر)، احمد حسین، ایمل خان، علی اسفند، عامر حسن، عرفات منہاس، اذان اویس، حمزہ نواز، حذیفہ ایوب، محمد ابتسام، محمد اسماعیل، محمد زبیر، نوید احمد خان، شاہ میر علی، شاہ زیب خان اور وہاج ریاض۔ 
سپورٹ اسٹاف: شاہد انور (ہیڈ کوچ)، ریحان ریاض (اسسٹنٹ کوچ/بولنگ کوچ)، منصور امجد (فیلڈنگ کوچ)، حافظ علی حمزہ (تجزیہ کار)، عبید اللہ (فیزیو) اور عمران اللہ (سٹرنتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ)
شیڈول: 

15-18 اکتوبر - چار روزہ میچ
22 اکتوبر – پہلا ایک روزہ میچ
24 اکتوبر – دوسرا ایک روزہ میچ
27 اکتوبر - تیسرا ایک روزہ میچ
29 اکتوبر – چوتھا ایک روزہ میچ
31 اکتوبر - پانچواں ایک روزہ میچ