news
English

پی سی بی نے قومی کرکٹ ٹیم میں اختلافات کی تردید کردی  

صحافتی اخلاقیات اور ذمہ داری انتہائی اہم ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ

پی سی بی نے قومی کرکٹ ٹیم میں اختلافات کی تردید کردی  

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ورلڈ کپ کے لیے بھارت میں موجود کرکٹ ٹیم میں اختلافات کی تردید کردی۔ 
پی سی بی کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ان خبروں کی سختی سے تردید کی گئی ہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم اندرونی اختلافات کا شکار ہے۔ 
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ میڈیا کے کچھ حصے میں پھیلائی جانے والی افواہوں کے برعکس پاکستان کرکٹ ٹیم میں مکمل ہم آہنگی ہے۔ ایسے کوئی شواہد موجود نہیں جن سے ٹیم میں اختلافات کے بے بنیاد دعوؤں کو تقویت ملے یا ان کی تصدیق ہوسکے۔ 
 
پی سی بی نے اس طرح کی جھوٹی خبروں پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ الزامات پھیلانے سے قبل یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ صحافتی اخلاقیات اور ذمہ داری انتہائی اہم ہیں۔ 
واضح رہے کہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر پاکستانی کرکٹ ٹیم میں اختلافات کی خبریں گردش کررہی تھیں تاہم اب پی سی بی نے اس قسم کی افواہوں کی سختی سے تردید کی ہے۔