news
English

پاکستان میں آئندہ ماہ 6 نمائشی ٹی10 میچز متوقع  

مینز اور ویمنز کے 6 نمائشی ٹی ٹین میچز راولپنڈی میں ہو سکتے ہیں،ذرائع

پاکستان میں آئندہ ماہ 6 نمائشی ٹی10 میچز متوقع  

پاکستان میں آئندہ ماہ 6 نمائشی ٹی10 میچز متوقع ہیں، اس حوالے سے انگلش کاؤنٹی مڈل سیکس کی ٹیم کو مدعو کرنے پر غور ہونے لگا۔ 
دنیا بھر میں ٹی 10 کرکٹ تیزی سے مقبولیت حاصل کر رہی ہے، یو اے ای سمیت کئی ممالک میں لیگز بھی ہونے لگیں، ان میں پاکستانی کھلاڑی بھی حصہ لیتے ہیں۔ 
گزشتہ دنوں سامنے آنے والی ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی بورڈ بھی ٹی 10 لیگ کرانے پر غور کر رہا ہے، اس منصوبے میں اسے سعودی سرمایہ کاروں کا تعاون حاصل ہوگا، پاکستان بھی ٹی10 لیگ کے انعقاد میں سنجیدہ ہے، پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے کچھ عرصے قبل ایک انٹرویو میں اس پراجیکٹ میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔ 
ذرائع نے بتایا کہ اب کام آگے بڑھنے لگا ہے، بورڈ آئندہ ماہ انگلش کاؤنٹی مڈل سیکس کے ساتھ راولپنڈی میں6 ٹی 10 میچز کرانا چاہتا ہے، اس میں مینز اور ویمنز دونوں مقابلے شامل ہوں گے،قومی ٹیم کی نیوزی لینڈ سے واپسی کے بعد ان میچز کے انعقاد کا ارادہ ہے تاکہ اسٹار کرکٹرز بھی ایکشن میں نظر آسکیں۔ 
حکام مذکورہ مقابلوں سے ملک میں ٹی 10 کرکٹ میں شائقین کی دلچسپی کا جائزہ لینا چاہتے ہیں، رسپانس دیکھنے کے بعد مزید فیصلے ہوں گے۔ 
ذرائع نے بتایا کہ نمائشی میچز سمیت کئی تجاویز ان دنوں زیرغور ہیں، ذکا اشرف چاہتے ہیں کہ اپنے دور میں ٹی10 لیگ کرادیں تاکہ اس کا کریڈٹ انہی کو ملے، اپنے سابقہ دور میں انھوں نے پی ایس ایل کا منصوبہ بنایا، لوگو تک کی رونمائی ہوگئی مگر پھر اس منصوبے پر عمل در آمد نہیں ہو سکا تھا، بعد میں نجم سیٹھی نے آ کر لیگ کا انعقاد کیا تھا۔