news
English

پی ایس ایل فرنچائِز اور ٹی وی رائٹس کی میٹنگز ملتوی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ  ہفتے ہونے والی پی ایس ایل فرنچائزز اور ٹی وی رائٹس کی اہم میٹنگز ملتوی کردی ہیں

پی ایس ایل فرنچائِز اور ٹی وی رائٹس کی میٹنگز ملتوی PHOTO COURTESY: PCB

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اگلے ہفتے ہونے والی پی ایس ایل فرنچائِز اور ٹی وی رائٹس کی اہم میٹنگز ملتوی کردی ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ  ہفتے ہونے والی پی ایس ایل فرنچائزز اور ٹی وی رائٹس کی اہم میٹنگز ملتوی کردی ہیں، اس حوالےسے قائم مقام چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ جسٹس (ر) افضل حیدر کا کہنا ہے کہ پی سی ایل فرنچائزر کے ساتھ معاملات اور ٹی وی رائٹس کا معاملہ نو منتخب بورڈ سربراہ دیکھیں گے۔

نئے چیئرمین کے انتخاب کے لیے الیکشن شیڈول اگلے ہفتے جاری ہوگا، جس کے بعد انتخابی اجلاس میں گورننگ بورڈ ممبران اور نئے پی سی بی چیف کا انتخاب ہوگا۔ پی سی بی کے پیٹرن انچیف وزیراعظم عمران خان کی جانب سے احسان مانی کی نامزدگی بورڈ کو موصول ہوچکی ہے، جبکہ مزید ایک نامزدگی کا انتظار ہے، جس کے بعد 10 رکنی گورننگ بورڈ مکمل ہوجائے گا۔

دوسری جانب کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹرانٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتےہوئے کہا ہے کہ ورلڈکپ تک پاکستان نے مسلسل کرکٹ کھیلنی ہے، ستمبر میں ایشیا کپ کی تیاریوں کے لیے قومی ٹیم ایبٹ آباد میں تین چارروز گزارنے کے بعد لاہور میں شیڈول کیمپ میں اپنی خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کرے گی، اس کے بعد آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز ہیں۔ قلیل مدتی اور طویل مدتی پالیسوں کے تحت 2019 کے بڑے ایونٹ میں بہترین تیاریوں کے ساتھ قومی ٹیم کی شرکت اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

زاکر خان کا کہنا تھا کہ اس عہدے پر کام کا خاصا تجربہ ہے، اس لیے مسائل میرے لیے نئے نہیں، کوشش ہوگی کہ بہترین فیصلے کرکے ملکی کرکٹ کو مضبوط بنایاجاسکے، سینئرز کے ساتھ جونیئر ٹیموں پر بھی زیادہ توجہ دے کر نوجوان کرکٹرز کو سامنے لانا ہے۔ پیرکو ایک اجلاس بھی بلایا گیا ہے جس میں دوسرے شعبوں کے عہدیداروں سے بھی تبادلہ خیال ہوگا۔