news
English

پی سی بی کی چیمپئنز ٹرافی 2025کے لیے 3 مقامات کی تجویز پیش

رپورٹ کے مطابق پاکستان کی میزبانی میں آخری آئی سی سی ایونٹ 1996 کا ون ڈے ورلڈ کپ تھا، جس کی مشترکہ میزبانی بھارت اور سری لنکا نے بھی کی تھی۔

پی سی بی کی چیمپئنز ٹرافی 2025کے لیے 3 مقامات کی تجویز پیش

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئندہ سال شیڈول چیمپئنز ٹرافی 2025ء کیلئے تین شہروں کے وینیوز پیش کر دیئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ایونٹ آٹھ سال کے وقفے کے بعد آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی واپسی کا اعلان ہوگا۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 2025ء کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے ابتدائی ڈرافٹ شیڈول میں تین شہروں میں وینیوز کے نام دے دیے ہیں۔ ’کرک انفو‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے فروری میں ہونے والے ایونٹ کے لیے لاہور، کراچی اور راولپنڈی کے اسٹیڈیمز کو وینیوز کے طورپرمنتخب کیا ہے۔ آٹھ ٹیموں کا ٹورنامنٹ دو ہفتوں تک جاری رہنے کی توقع ہے، حالانکہ ابھی تک درست تاریخوں کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔ 
پی سی بی نے انسپکشن کرنے کے لیے آئی سی سی کی ٹیم کے دورے کے بعد مقامات اور شیڈول طے کیا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ ابتدائی ڈرافٹ میں پاکستان میں کھیلے جانے والے بھارت سمیت تمام میچز شامل ہیں۔ عام طور پر میزبان بورڈ کے ڈرافٹ شیڈول کو جمع کرانے کے بعد یہ آئی سی سی کے اندر مختلف ٹیموں کی طرف سے کی جانے والی نظرثانی سے گزرتا ہے جس کے بعد نظر ثانی شدہ شیڈول کو حتمی شکل دینے سے پہلے جائزہ لینے کے لیے براڈکاسٹرز اور دیگر بورڈز کے ساتھ شیئر کیا جاتا ہے۔ 
آئی سی سی کا اگلا باضابطہ اجلاس جولائی میں عالمی ادارے کی سالانہ کانفرنس ہے۔ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے اتوار کےروز لاہور میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان میں ہونے والے میچوں کا شیڈول آئی سی سی کو بھیج دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "آئی سی سی کی سیکیورٹی ٹیم پاکستان آئی اور ہم نے بہت اچھی میٹنگ کی۔ انہوں نے یہاں کے انتظامات کو دیکھا اور اطمینان کاا ظہار کیا، ہم ان کے ساتھ اسٹیڈیم کے اپ گریڈ کے منصوبے بھی شیئر کریں گے کیونکہ ہم مسلسل آئی سی سی کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ ہم اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ہم پاکستان میں اچھے ٹورنامنٹ کی میزبانی کریں۔،،
محسن نقوی نے اعتراف کیا کہ اسٹیڈیمز کی تزئین و آرائش کے پراجیکٹ میں کچھ تاخیر ہوئی ہے لیکن کام چل رہا ہے اور وہ اسے چار سے پانچ ماہ میں مکمل کرنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سٹیڈیم کو اپ گریڈ کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے، ابھی ایونٹ میں چند ماہ باقی ہیں، ہاں، کچھ تاخیر ہوئی ہے لیکن ہم اسے جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔‘‘ 
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ "ہمارے پاس تین رکنی کمیٹی ہے جو خصوصی طور پر اس پر کام کر رہی ہے۔ ایک ڈائریکٹر انفراسٹرکچر ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ہے اورڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ ہے جو ان معاملات کو دیکھ رہے ہیں۔،،
انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی کمپنیاں 7 مئی کو پاکستان کا دورہ کریں گی جس کے بعد وہ میگا ایونٹ سے قبل اسٹیڈیم کے ڈیزائن کو حتمی شکل دینے کے لیے مقامی کنسلٹنٹس سے رابطہ کریں گی۔،، 
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ7 مئی کو ہمارے پاس ایک بین الاقوامی بڈ ہے جہاں اعلی بین الاقوامی کمپنیاں جو اسٹیڈیم کو اپ گریڈ کرنے میں مہارت رکھتی ہیں، ہم سے ملاقات کریں گی۔ وہ ڈیزائننگ میں ہماری مدد کریں گے اور پھر ہم مقامی کنسلٹنٹس کے ساتھ تعاون کریں گے اور اسے چار سے پانچ ماہ میں مکمل کرنے کی کوشش کریں گے۔،،
واضح رہے کہ یہ ایونٹ آٹھ سال کے وقفے کے بعد آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی واپسی کا اعلان ہوگا، 2017ء میں ہونے والی آخری چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان فائنل میں بھارت کو شکست دے کر فتحیاب ہوا تھا۔ 2025ء کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے جن ٹیموں کی تصدیق کی گئی ہے ان میں پاکستان (میزبان)، بھارت، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، افغانستان، انگلینڈ اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔