ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کے دوران کمر میں چوٹ لگنے سے زخمی ہونےوالے محمد وسیم جونیئر بھی این سی اے میں بحالی کے مراحل سے گزر رہے ہیں۔
پی سی بی نے پاکستان کے لیے کھیلنے والے چار نوجوان پیسرز کی صحت یابی کے بارے میں اپ ڈیٹس فراہم کردیں۔ ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کے دوران کمر میں چوٹ لگنے سے انجرڈ ہونے والے محمد وسیم جونیئر بھی این سی اے میں بحالی کے مراحل سے گزر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے چار نوجوان پیسرز کی انجری اپ ڈیٹ جاری کی ہے جو اس وقت پی سی بی میڈیکل پینل کے زیر انتظام بحالی کے مراحل سے گزررہے ہیں۔
ٹخنے کی انجری سے صحت یاب ہونے والے دائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر ارشد اقبال کو قطر کے ایک نامور آرتھوپیڈک اور اسپورٹس میڈیسن اسپتال ریفرکردیا گیا ہے۔ ان کی ملاقات اور سفری انتظامات عید کی چھٹیوں کے بعد کیے جائیں گے۔ ایک اور دائیں ہاتھ کے تیز گیند باز احسان اللہ دائیں کہنی کی چوٹ سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اپنی ابتدائی بحالی کے عمل کا آغاز کیا تھا، وہ پی سی بی میڈیکل پینل کی طرف سے منظور شدہ فزیو تھراپسٹ کی نگرانی میں اپنے آبائی شہر سوات میں اپنی صحت یابی پر کام جاری رکھیں گے۔
آل راؤنڈر محمد وسیم جونیئر جنہیں ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کے دوران کمر میں چوٹ لگی تھی وہ بھی این سی اے میں بحالی کے مراحل سے گزر رہے ہیں۔ وہ عید کی چھٹیوں کے بعد اپنی بحالی کو جاری رکھنے کے لیے این سی اے میں واپس آئیں گے۔ ٹخنے کی انجری کے شکار ایک اور دائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر ذیشان ضمیر کی آئندہ ہفتے قطر میں سرجری ہونے والی ہے۔
اسپتال نے یہ فیصلہ اس ماہ کے شروع میں میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد کیاتھا۔ سرجری کے بعد ذیشان ضمیر اپنی بحالی کا عمل مکمل کرنے کے لیے قطر میں رہ سکتے ہیں۔