news
English

پی سی بی نے محمد رضوان کی صحت سے متعلق اپ ڈیٹ فراہم کردی

قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی 20 میں 23 رنز پر بیٹنگ کرتے ہوئے ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے تھے۔

پی سی بی نے محمد رضوان کی صحت سے متعلق اپ ڈیٹ فراہم کردی

پاکستانی کرکٹ ٹیم کو بڑا جھٹکا لگ گیا، ٹیم کا اہم ترین کھلاڑی زخمی ہوکر نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سے باہر ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم کو پہلے ہی وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان کے زخمی ہونے کے بعد سیریز سے باہر ہونے کا دھچکا لگا تھا کہ ایک اور مستند بلے باز وکٹ کیپر محمد رضوان بھی ان فٹ ہو کر نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سے باہر ہوگئے۔ پی سی بی نے محمد رضوان کی صحت سے متعلق اپ ڈیٹ فراہم کر دی، پی سی بی کے مطابق اسٹار وکٹ کیپر بیٹر گزشتہ روز نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے جس کے بعد وہ سیریز کے بقیہ دو میچز نہیں کھیل سکیں گے۔ 
اس میچ میں پاکستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی، محمد رضوان 22 کے انفرادی اسکور پر کھیل رہے تھے جب وہ ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہو کر مزید بیٹنگ جاری نہ رکھ سکے اور میدان سے باہر چلے گئے۔ 
رپورٹس کے مطابق ٹیم کے ڈاکٹر نے معائنے کے بعد محمد رضوان کو مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے اور احتیاطاً میڈیکل ٹیم نے انہیں کھیلنے سے روک دیا ہے، چنانچہ اب وکٹ کیپر بیٹر پانچ میچوں کی سیریز کے باقی میچز کے لیے ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ  نے سیریز کے باقی میچوں کے لیے محمد رضوان کی عدم دستیابی کی تصدیق کردی ہے۔ 
واضح رہے کہ پانچ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیاتھا۔ دونوں ٹیموں نے ایک ایک میچ جیتا ہے اور پاکستان کو سیریز جیتنے کے لیے اگلے دونوں میچز میں لازمی فتح درکار ہوگی۔