news

پی سی بی: دورہ پاکستان کے لیے سیکیورٹی کنسلٹنٹ کی درخواست کا جواب

بنگلہ دیشی میڈیا نے آج پہلے اطلاع دی تھی کہ بی سی بی نے اس دورے کے لیے سیکیورٹی کنسلٹنٹ فراہم کرنے کے لیے پاکستان کی وفاقی حکومت سے رابطہ کیا ہے۔

پی سی بی: دورہ پاکستان کے لیے سیکیورٹی کنسلٹنٹ کی درخواست کا جواب

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کی جانب سے سیکیورٹی کنسلٹنٹ طلب کرنے کی درخواست پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیموں کے ساتھ سیکیورٹی کنسلٹنٹ کا ہونا ایک عام سی بات ہے۔ 
پی سی بی کے مطابق ٹیم کے ساتھ سیکیورٹی کنسلٹنٹ کا ہونا ایک نارمل بات ہے اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور باہمی سیریز میں بھی ٹیمیں سیکیورٹی مینیجر ساتھ رکھتی ہیں۔ 
بورڈ کا کہنا ہے کہ اگر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ پاکستان کے دورے پر ٹیم کے ساتھ سیکیورٹی کنسلٹنٹ رکھنا چاہتا ہے تو یہ ان کا حق ہے لیکن ابھی تک ان کی جانب سے ایسی کوئی درخواست نہیں کی گئی۔ 
پی سی بی نے پچھلے ماہ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کو سیکیورٹی منصوبہ بتایا تھا جس پر مہمان بورڈ نے رضامندی ظاہر کی تھی۔ 
واضح رہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے حکام نے کہا تھا کہ انہوں نے اپنی حکومت سے دورہ پاکستان کے دوران سیکیورٹی کنسلٹنٹ فراہم کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ وہ سیکیورٹی کے حوالے سے پاکستانی حکام سے رابطے میں رہے۔ 
بنگلہ کرکٹ بورڈ کے کرکٹ آپریشن کے چیئرمین جلال یونس نے کہا تھا کہ پاکستان کی جانب سے ایشیا کپ میں بہترین سیکیورٹی فراہم کی گئی تھی اور ان کی جانب سے ایک مرتبہ پھر اسی طرح کی سیکیورٹی کی فراہمی کی یقین دہانی پر ہم نے دورہ پاکستان کی حامی بھری ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ دورہ پاکستان کے حوالے سے کسی کھلاڑی نے کوئی اعتراض نہیں کیا اور یہ دورہ شیڈول کے مطابق ہوگا۔ 
واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرے گی، یہ سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہے۔ 
بنگلہ دیش کی ٹیم 17 اگست کو پاکستان پہنچے گی جس کے بعد سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 اگست تک راولپنڈی میں ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ 30 اگست سے 3ستمبر تک کراچی میں کھیلا جائے گا۔