کپتان کی تبدیلی کا فیصلہ کھلاڑیوں کے کیریئر کو مستحکم بنانے اور انجریز سے بچانےکی حکمت عملی کے تحت کیا گیا۔ پی سی بی کی وضاحت
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایک بار پھر قومی ٹیم کے کپتان کو تبدیل کرنے پر وضاحت پیش کردی۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی کی جگہ بابراعظم کو کپتان بنانا اسٹریٹیجک فیصلہ ہے شاہین آفریدی کی بہترین کارکردگی کیلئے روٹیشن اور آرام کی اہمیت کو سمجھتے ہیں۔
پی سی بی نے کہا کہ کپتان کی تبدیلی کا فیصلہ کھلاڑیوں کےکیریئرکومستحکم بنانےاورانجریزسےبچانےکی حکمت عملی کے تحت کیاگیاہے۔
بابر اعظم نے دوبارہ کپتان بننے کے لیے تینوں فارمیٹس کی قیادت سونپنے کی شرط رکھی تھی تاہم گزشتہ شام پی سی بی کے وفد نے جس میں نئی سلیکشن کمیٹی کے اراکین بھی شامل تھے، کاکول اکیڈمی ایبٹ آباد میں فٹنس کیمپ میں مصروف قومی کھلاڑیوں اور بابراعظم سے بات کی اور انہیں دونوں فارمیٹس کی قیادت قبول کرنے پر قائل کیا۔
بابر اعظم کی جانب سے رضامندی ظاہر کرنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نےسوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ کے ذریعے انہیں ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے ٹیم کا کپتان مقرر کرنے کا اعلان کیا۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سلیکشن کمیٹی نے مشاورت کے بعد متفقہ طور پر بابر اعظم کو ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے فارمیٹ کا کپتان مقرر کیا ہے۔
واضح رہے کہ بابر اعظم نے گزشتہ سال 15 نومبر کو تینوں فارمیٹس کی قیادت سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے اس وقت کے سربراہ ذکا اشرف نے شاہین شاہ آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی اور شان مسعود کو ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا کپتان مقررکیا تھا تاہم منیجمنٹ بدلنے کے ساتھ ہی پی سی بی کے فیصلوں کو ریورس گیئر لگ گیا اور ہر طرف تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے۔