news
English

ورلڈکپ کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی نئی کِٹ، ’اسٹارنیشن جرسی‘ کی رونمائی

اسٹار نیشن جرسی محض لباس کا ایک ٹکڑا نہیں بلکہ اس سے زیادہ کی علامت ہے، یہ پاکستان کے کرکٹ کے ہیروز اور ان کے ثابت قدم حامیوں کے درمیان گہرے تعلق کی علامت ہے، پی سی بی

ورلڈکپ کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی نئی کِٹ، ’اسٹارنیشن جرسی‘ کی رونمائی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ورلڈکپ کے سلسلے میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیے نئی کٹ پیش کردی ہے۔ 
لاہور میں آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کٹ کی رونمائی کی رنگا رنگ تقریب منعقد کی گئی، پی سی بی مینیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے کرکٹ ٹیم کی نئی کٹ کی رونمائی کی، اس نئی اور دیدہ زیب کٹ کا نام ’’اسٹار نیشن جرسی‘‘ رکھا گیا ہے۔ 
پاکستانی ٹیم کی کٹ کی رونمائی کے بعد چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے کہا کہ پوری قوم کی دعائیں قومی ٹیم کے ساتھ ہیں، ایشیاکپ اور ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کامیاب ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ اسٹار نیشن جرسی محض لباس کا ایک ٹکڑا نہیں بلکہ اس سے زیادہ کی علامت ہے، یہ پاکستان کے کرکٹ کے ہیروز اور ان کے ثابت قدم حامیوں کے درمیان گہرے تعلق کی علامت ہے۔
چیئرمین پی سی بی مینیجمنٹ کمیٹی نے کہا کہ پاکستانی ٹیم بہت اچھا کھیل رہی ہے، جو ٹیمیں پاکستان آرہی ہیں انہیں ویلکم کریں گے، ون ڈے کرکٹ کی دنیا میں میں ہم نمبرون بن گئے ہیں، مہینہ ڈیڑھ ہوا ہے آئے ہوئے، جو ملک اور کرکٹ کیلئے ہوسکا،ضرور کریں گے۔ 
واضح رہے کہ بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ کا آغاز 5 اکتوبرسے ہوگا، پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گی۔