news
English

پی سی بی کی پی ایس ایل 9 کے لیے ونڈو کی تصدیق

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آئندہ سیزن کے لیے ونڈو 8 فروری سے 24 مارچ 2024ء کے درمیان ہے، حتمی شیڈول کی تصدیق اگلی میٹنگ میں کی جائے گی۔

پی سی بی کی پی ایس ایل 9 کے لیے ونڈو کی تصدیق

پاکستان کلرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل 9 کے لیے ونڈو کی تصدیق کردی ہے۔ 
پی سی بی نے پیر کے روز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 2024 کے ایڈیشن کے لیے ونڈو کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آئندہ سیزن کے لیے ونڈو 8 فروری سے 24 مارچ 2024ء کے درمیان ہے۔ 
پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کی زیر صدارت پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اجلاس نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوا جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ حتمی شیڈول کی تصدیق اگلی میٹنگ میں کی جائے گی۔ پی ایس ایل کا آئندہ نواں سیزن چھ ٹیموں کے ساتھ کھیلا جائے گا۔ آئندہ سیزن میں کوئی اضافی ٹیم شامل نہیں کی جائے گی۔ خواتین کی کرکٹ کے فروغ اور سپورٹ کے لیے پی سی بی، پی ایس ایل کے دوران خواتین کی لیگ یا نمائشی میچوں کے مواقع تلاش کرتا رہے گا۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پی سی بی ہنگامی منصوبہ بندی کے ایک حصے کے طور پر متبادل مقامات کی تلاش کے لیے فرنچائزز کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔ 
ذرائع کے مطابق انتخابات یا کسی اور وجہ سے پی ایس ایل کو دبئی منتقل نہیں کیا جائے گا۔ تمام فرنچائزز نے پی ایس ایل کو کہیں اور منتقل نہ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ انتخابات کی وجہ سے میچز متاثر ہونے کا خدشہ ہوا تو پی ایس ایل کا شیڈول تبدیل کر دیا جائے گا۔ دوسری جانب پی ایس ایل 9 کے انعقاد کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی جس میں ڈیجیٹل، میڈیا رائٹس اور دیگر کمرشل اثاثوں کے ٹینڈر کا عمل بھی شامل ہے۔
اجلاس میں پی ایس ایل کے گزشتہ ایڈیشن کی رپورٹ پیش کی گئی اور فرنچائزز کے نمائندوں کو آٹھویں ایڈیشن کی کامیابی پر بریفنگ دی گئی۔ فرنچائزز نے پی سی بی، حکومتی اداروں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی کوششوں کو سراہا جنہوں نے چار مقامات پر ایونٹ کی فراہمی میں مدد کی۔