news
English

پی ایس ایل 10کا مجوزہ شیڈول فرنچائزز کو ارسال کردیاگیا

پی ایس ایل 10 کے سب سے زیادہ 10 میچز کی میزبانی لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کو سونپی گئی ہے۔ گزشتہ سیزن میں کم ٹرن آؤٹ کی وجہ سے کراچی پی ایس ایل 10 کے دوران صرف 5 میچوں کی میزبانی کرے گا۔

پی ایس ایل 10کا مجوزہ شیڈول فرنچائزز کو ارسال کردیاگیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے پی ایس ایل 10کا مجوزہ شیڈول فرنچائزز کو ارسال کردیا گیا۔ رنگا رنگ ایونٹ کی افتتاحی تقریب 12 اپریل کو راولپنڈی میں منعقد کرنے کا ارادہ سامنے آگیا۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا دسواں ایڈیشن 12 اپریل سے راولپنڈی میں سجانے کا ارادہ کرلیا گیا۔ اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل 10 کا مجوزہ شیڈول فرنچائزز کو ارسال کردیا ہے، ایونٹ کے سب سے زیادہ 10 میچز کی میزبانی لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کو سونپی گئی ہے۔ 
راولپنڈی کرکٹ گراؤنڈ میں 8 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور ملتان اسٹیڈیم 5،5 میچز کی میزبانی کریں گے۔ 4 میچز نیوٹرل وینیو پر ہوں گے۔ کراچی میں کم میچز کی وجہ رواں برس محدود تعداد میں شائقین کی آمد بنی، دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرزکے تمام 10 میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔ کراچی کنگز اور پشاور زلمی 9،9 جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز8،8 میچز فلڈ لائٹس کی روشنی میں کھیلیں گے۔ کراچی میں شیڈول پانچوں میچز میزبان ٹیم کراچی کنگز کے ہوں گے۔ لاہور قلندرز کو بھی ہوم گراؤنڈ پر آدھے میچز کھیلنے ہیں، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 5 میچز لاہور میں ہوں گے، ملتان سلطانز ہوم گراؤنڈ ملتان اور اسلام آباد یونائیٹڈ راولپنڈی میں 5، 5 بار ایکشن میں نظر آئیں گے۔ 
پشاور زلمی کے 5 میچز بھی راولپنڈی میں ہونے ہیں، ٹیمیں 7 اپریل 2025 کو پی سی بی کو رپورٹ کریں گی۔ 11 تاریخ تک پریکٹس سیشنز کا سلسلہ جاری رہے گا۔ 
پی ایس ایل 10 کا افتتاحی میچ ہفتہ 12 اپریل کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، اگلے دن 2 میچز ہوں گے، راولپنڈی میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جبکہ کراچی میں کنگز اور ملتان سلطانز کا سامنا ہوگا۔ 19 اپریل کو راولپنڈی میں میچز کا ابتدائی سلسلہ ختم ہوجائے گا جبکہ 21 تاریخ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شیڈول مقابلے مکمل ہوجائیں گے، جس کے بعد 22 اپریل سے ملتان اور 24 تاریخ سے لاہور میں میچز کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔ 
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 4 مئی کو آخری میچ ہوگا، اس کے بعد راولپنڈی 4 اور ملتان 2 میچز کی میزبانی کرے گا۔ 11 سے 14 مئی تک کوئی میچ نہیں ہوگا۔ 
اس کے بعد نیوٹرل وینیو پر 15 مئی کو کوالیفائر، 16 مئی کو الیمنیٹر، 18 کو کوالیفائر 2 جبکہ 20 مئی کو فائنل کھیلا جائےگا، گوکہ پی سی بی نے نیوٹرل وینیو کا نام مجوزہ شیڈول میں درج نہیں کیا لیکن ممکنہ طور پر یہ انگلینڈ ہوگا۔ 
یاد رہے کہ یہ میچز کا ابتدائی اور مجوزہ شیڈول ہے، پی ایس ایل میں شامل فرنچائزز اس کا تفصیلی جائزہ لے کر پی سی بی سے رابطہ کریں گی اور اس میں تبدیلیاں بھی ممکن ہیں۔