news
English

گیری کرسٹن اور جیسن گلیسپی قومی ٹیم کے نئے کوچ مقرر

گیری کرسٹن کو ٹی 20 اور ون ڈے ٹیموں کی کوچنگ کے لیے جبکہ سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر جیسن گلیسپی کو ریڈ بال کا کوچ منتخب کیا گیا ہے۔

گیری کرسٹن اور جیسن گلیسپی قومی ٹیم کے نئے کوچ مقرر

پی سی بی نے گیری کرسٹن اور جیسن گلیسپی کو قومی تیم کے نئے کوچ مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جنوبی افریقہ کے گیری کرسٹن اور آسٹریلیا کے جیسن گلیسپی کو مردوں کی قومی ٹیم کا کوچ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ بورڈ نے گیری کرسٹن کو وائٹ بال ٹیم کے کوچ کے طور پر منتخب کیا ہے جبکہ جیسن گلیسپی کو گرین شرٹس کے لیے ریڈ بال کوچ کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ اعلان رسمی کارروائیوں کی تکمیل کے بعد کیا جائے گا کیونکہ پی سی بی نے اپنی ویب سائٹ پر اسامیوں کا اشتہار دے دیا ہے اور 15 اپریل تک درخواستیں طلب کی ہیں۔ یہ فیصلہ نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ ٹی ٹوئنٹی سیریز سے پہلے کیا گیا ہے جو 18 اپریل سے شروع ہونے والی ہے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کی اگلی اہم اسائنمنٹ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 ہے جو رواں سال جون میں امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں مشترکہ طورپر منعقد ہوگا۔ 
پی سی بی کے سیٹ اپ میں تبدیلی کے بعد نومبر 2023ء میں مکی آرتھر، گرانٹ بریڈ برن اور اینڈریو پوٹک کو ان کے قلمدانوں میں تبدیلی کے بعد لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں منتقل کردیاگیاتھا جس کے بعد مذکورہ عہدے خالی رہ گئے تھے۔ تینوں نے اس سال جنوری میں اپنے اپنے عہدے چھوڑ دیے تھے۔ اپریل 2023ء میں مکی آرتھر کو پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کا ڈائریکٹر نامزد کیا گیا تھا جبکہ بریڈ برن کو گزشتہ سال کے شروع میں پاکستان کی قومی مردوں کی ٹیم کا ہیڈ کوچ بنایا گیا تھا۔
دریں اثنا جنوبی افریقہ کے سابق کرکٹر پوٹک نے اپریل 2023ء سے بیٹنگ کوچ کے طور پر کام کیا۔ پی سی بی نے اسسٹنٹ ہیڈ کوچ کے عہدے کا اعلان بھی کردیا ہے۔ اشتہار میں کہا گیا ہے کہ امیدوار اس عہدے کے لیے 20 اپریل تک درخواست دے سکتے ہیں۔ پی سی بی کے مطابق اسسٹنٹ کوچ کو کم از کم لیول 2 کوچنگ ایکریڈیشن اور انٹرنیشنل ٹیم فرنچائز یا ڈومیسٹک ٹیم کے ساتھ تین سال کام کرنے کا تجربہ ہونا لازمی ہے۔