news
English

قومی ٹیم کے ساتھ مستقل سیکیورٹی آفیسر تعینات ہوگا

عبد اللہ خرم نیازی نے بطور ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز کام شروع کر دیا۔

قومی ٹیم کے ساتھ مستقل سیکیورٹی آفیسر تعینات ہوگا

قومی ٹیم کے ساتھ مستقل سیکیورٹی آفیسر تعینات ہوگا۔ 
سابق نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی چیئرمین پی سی بی کی پوسٹ سنبھالنے کے بعد پنجاب حکومت سے کئی افسران کو بھی ساتھ لائے ہیں، ان میں سے بعض کو ذمہ داریاں سونپنے کا سلسلہ شروع ہو چکاہے، پولیس سروسز کے ارتضیٰ کمیل کو چیف سیکیورٹی آفیسر کی پوسٹ سونپی جائے گی، وہ ممکنہ طور پر غیرملکی ٹورز میں قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ جایا کریں گے۔ 
سابق ڈپٹی کمشنر جھنگ عبداللہ خرم نیازی نے بطور ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز کام شروع کر دیاہے، چونکہ وہ ڈیپوٹیشن پر آئے ہیں اس لیے عہدے کے لیے کوئی اشتہار دینے کی ضرورت نہیں تھی۔
  
دلچسپ بات یہ ہے کہ کمرہ الاٹ نہ ہونے پر عبد اللہ نیازی ڈائریکٹر ایچ آر اینڈ ایڈمنسٹریشن عبدالفیصل ملک کے دفتر میں بیٹھنے لگے تھے، یہ معلوم ہونے پر فیصل نے راولپنڈی سے لاہور واپس آ کر ان کو دوسرا کمرہ دلایا،ندیم خان اب ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس کی ہی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔  
آئندہ چند روز میں مزید تبدیلیوں کی بھی بازگشت بھی سنائی دے رہی ہے، سی او او سلمان نصیر کو پی ایس ایل کا سربراہ مقرر کیا جا سکتا ہے، ان کی جگہ پاکستان ایڈمنسٹریٹیو سروسز کے آفیسر لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف کے عہدہ سنبھالنے کی اطلاعات تھیں مگر ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے تاحال انھیں ریلیز نہیں کیا ہے، اگر آئین میں تبدیلی ہوئی تو سی ای او کا تقرر بھی ممکن ہوگا۔ 

دوسری جانب پی سی بی ملازمین میں اپنے مستقبل کے حوالے سے تشویش بدستور برقرار ہے، اندرونی طور پر یہ اطلاعات زیرگردش ہیں کہ 100 سے زائد آفیشلز کی ایک فہرست تیار کرلی گئی ہے جنھیں پی ایس ایل فائنل کے بعد گھر بھیج دیا جائے گا،البتہ چیئرمین کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں اسٹاف کی برطرفی کا کوئی امکان نہیں، صرف ان لوگوں کو ہٹایا جائے گا جو کام نہیں کرتے۔