news

تعلیمی اداروں میں کرکٹ ٹورنامنٹس کرانے کیلئے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

پی سی بی اسکولز اور کالجز کے ٹاپ پرفارمرز کو پی سی بی انڈر17 اور انڈر19 ٹیموں میں کھیلنے کا موقع دے گا۔ 

تعلیمی اداروں میں کرکٹ ٹورنامنٹس کرانے کیلئے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں کرکٹ کو فروغ دینے اور انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کیلئے کرکٹ ٹورنامنٹس اور لیگز منعقد کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن، ہائرایجوکیشن کمیشن اورسی ڈی اے کے ساتھ معاہدے پر دستخط ہوگئے۔
سی ڈی اے ہیڈ کوارٹر میں مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی، چیئرمین پی سی بی اور وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ ڈائریکٹر ڈومیسٹک پی سی بی عبداللہ خرم نیازی، انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن کے ڈائریکٹر اسپورٹس محمد عثمان خان اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر اسپورٹس جاوید علی میمن نے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے۔ 
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کے نچلی سطح پر فروغ کے لئے تاریخ میں پہلی بار سنجیدہ کاوش کی گئی ہے۔ انٹراسکولز، انٹر کالجیٹ، انٹریونیورسٹیز ٹورنامنٹس کے انعقاد سے نچلی سطح سے ٹیلنٹ سامنے آئے گا، تمام ادارے ایک ساتھ ملکر ٹورنامنٹ کرائیں گے تو بہترین نتائج حاصل ہوں گے، امید ہے کہ ان معاہدوں پر عمل درآمد سے گراس روٹ لیول پر کرکٹ مضبوط ہوگی۔ 
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اسکولز ہر ٹیلنٹ کی نرسریاں ہیں، اچھے کھلاڑی اسکولوں سے ہی اوپر آتے ہیں۔ معاہدوں کے تحت آئی بی سی سی تمام تعلیمی بورڈز کے ساتھ مل کر ٹورنامنٹس کے انتظامات کی نگرانی کرے گا جبکہ ہائر ایجوکیشن اداروں میں کرکٹ کے فروغ کے لیے فریم ورک مرتب کرکے عمل درآمد کیا جائے گا۔ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں کرکٹ اکیڈمیوں کے قیام کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور خواتین کرکٹ کے فروغ پر فوکس کیا جائے گا۔اعلیٰ تعلیمی اداروں کے کھلاڑیوں کا ڈیٹا پی سی بی ڈیٹا بیس کو فراہم کیا جائے گا۔ایچ ای سی اعلیٰ تعلیمی اداروں میں بہترین کھلاڑیوں کو اسپورٹس اسکالرشپ دینے کی حوصلہ افزائی کرے گا۔ پی سی بی کرکٹ اسکالرشپ کے لیے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کرے گا جنہیں کھیلوں کی بنیاد پر اعلیٰ تعلیمی اداروں میں داخلہ دیا جائے گا۔آئی بی سی سی تمام تعلیمی بورڈز کے ساتھ مل کر زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کے لیے اسکولوں اور کالجوں کے ساتھ رابطہ کرے گا۔ 
آئی بی سی سی اور تعلیمی بورڈز صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے ساتھ مل کر سکولوں اور کالجوں میں کرکٹ گراؤنڈز تیار کریں گے۔ٹورنامنٹس کا آغاز ضلع کی سطح سے شروع ہو گا پھر ڈویژن، صوبائی اور آخر میں قومی سطح پر ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے گا۔ 
پی سی بی ٹورنامنٹس کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے آفیشل ایمپائرز، اسکوررز اور دیگر ضروری اسٹاف فراہم کرے گا۔ پی سی بی ٹورنامنٹ کا شیڈول جاری کرنے اور تمام شریک اداروں تک ان معلومات کی بروقت ترسیل کو یقینی بنانے کا ذمے دار ہوگا۔ 
پی سی بی ہر ضلع سے جیتنے والی ٹیموں کے بہترین کھلاڑیوں کی تربیت کو ہائی پرفارمنس سینٹرز میں یقینی بنائے گا۔ پی سی بی اسکولز اور کالجز کے ٹاپ پرفارمرز کو پی سی بی انڈر17 اور انڈر19 ٹیموں میں شرکت کا موقع دے گا۔ 
پی سی بی فزیکل ٹریننگ ایجوکیشن اساتذہ کے لیے خصوصی کوچنگ کورسز کا اہتمام کرے گا۔ پی سی بی کے کوچز اسکولوں کا دورہ کریں گے اور اسکول میں کیمپوں کے دوران لڑکوں اور لڑکیوں کو تربیت فراہم کریں گے۔ 
ایچ ای سی، پی سی بی کی مشاورت سے کرکٹ کے فروغ کے لئے اعلیٰ تعلیمی اداروں کی استعداد کار کو بڑھانے کا روڈ میپ تیار کرے گا۔ پی سی بی مرد اور خواتین کے انٹر یونیورسٹیز چیمپئن شپ سے ٹاپ کھلاڑیوں کو منتخب کرے گا اور یہ کھلاڑی پی سی بی کے ہائی پرفارمنس سینٹرز میں سالانہ تربیتی کورسز میں شرکت کریں گے۔ 
اس یادگارتقریب میں پی سی بی اعلی تعلیمی اداروں کے گراؤنڈ مین اور کیوریٹرزکومفت تربیت دے گا۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا،وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین وانی،چئیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا،ہائرایجوکیشن کمیشن،انٹربورڈز کوآرڈینیشن کمیشن اورسی ڈی اے کے اعلی حکام نے شرکت کی۔