news
English

سینٹرل کنٹریکٹ: کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں اضافہ ہوگا، مگر کتنا؟

کپتان بابراعظم سے حتمی مشاورت کے بعد کھلاڑیوں کی لسٹ تیار کرکے نجم سیٹھی کو بھیجی جائے گی، ذرائع

سینٹرل کنٹریکٹ: کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں اضافہ ہوگا، مگر کتنا؟

قومی کرکٹ ٹیم کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں 20 فیصد اضافے کا امکان ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹ 30 جون کو ختم ہو رہے ہیں، نئے سینٹرل کنٹریکٹ کیلئے مشاورت جاری ہے جس میں کی 20 فیصد تنخواہوں میں اضافے کا امکان ہے۔

کپتان بابراعظم سے حتمی مشاورت کے بعد لسٹ تیار کرکے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کی میز پر پہنچادی جائے گی۔ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کی معیاد 21 جون کو ختم ہورہی ہے اس سے پہلے کنٹریکٹ پانے والے کرکٹرز کا اعلان کردیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بابراعظم، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان، فخر زمان اے کیٹگری میں برقرار رہیں گے، فاسٹ بولر حارث رؤف اور نسیم شاہ کو بھی کنٹریکٹ میں ترقی ملے گی۔ نوجوان پیسر نسیم شاہ ریڈ اور وائٹ دونوں کیٹگریز کا حصہ ہوں گے۔

مڈل آرڈر بلے باز افتخار احمد، صائم ایوب، احسان اللہ، اسامہ میر، محمد حارث اور زمان خان بھی کنٹریکٹ لسٹ میں جگہ پانے میں کامیاب ہوجائیں گے جبکہ سابق کپتان سرفراز احمد بھی ریڈ بال کیٹگری میں کنٹریکٹ لسٹ کا بدستور حصہ رہیں گے۔

چیف سلیکٹر ہارون رشید ان دنوں یکم جولائی سے شروع ہونے والے نئے سینٹرل کنٹریکٹ پر کام کررہے ہیں، ابتدائی مرحلے میں مکی آرتھر، ہیڈکوچ گرانٹ بریڈ برن اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ آپریشنز عثمان واہلہ سے تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔

فائنل لسٹ سے پہلے کپتان بابر اعظم کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا، سینٹرل کنٹریکٹ میں وسیع پیمانے پر تبدیلیوں کا امکان ہے۔ کرکٹرز کی ترقی اور تنزلی کے ساتھ کئی کرکٹرز سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم ہوں گے۔ ریڈبال اور وائٹ بال کیٹگریز کو جاری رکھا جائے گا۔ نئے کنٹریکٹ میں اے، بی، سی کے علاوہ ایمرجنگ کیٹگری بھی شامل ہوں گی۔

سابق کپتان اظہرعلی ریٹائر ہونے پر کنٹریکٹ سے باہر ہو گئے ہیں، فواد عالم کے بھی نئے کنٹریکٹ میں جگہ برقرار رکھنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر لگ رہے ہیں، لیگ اسپنر یاسر شاہ ، نعمان علی، خوشدل شاہ، عثمان قادر، حیدر علی، عابد علی، زاہد محمود بھی نئی فہرست کا حصہ نہیں ہوں گے۔

دوسری جانب پی سی بی کی یہ کوشش ہے کہ جون کا مہینہ ختم ہونے سے پہلے نئے سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط کرالیے جائیں۔