news
English

آئی سی سی کی کمائی سے بگ 3 کو بڑا حصہ ملنے کا امکان، پاکستان کو کیا ملے گا؟

انٹرنیشنل کرکٹ کا نیا فنانشل ماڈل تیار کرلیا گیا، مجوزہ ماڈل کے مطابق بی سی سی آئی کو ریونیو کا سب سے بڑا حصہ ملے گا،پاکستان کو 34.51 ملین ڈالر ملنے کا امکان ہے۔

آئی سی سی کی کمائی سے بگ 3 کو بڑا حصہ ملنے کا امکان، پاکستان کو کیا ملے گا؟

بھارت کی آئی سی سی پر اجارہ داری قائم ہے،  آئی سی سی کی کمائی کا تقریباً آدھا حصہ انڈیا کو ملے گا جبکہ نئے ماڈل میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والا بورڈ بھارت کا ہی ہوگا۔

نئے ماڈل کے مطابق بھارت کو آئی سی سی کی سالانہ کمائی سے 38.5 فیصد حصہ دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے،  یعنی بھارت کو سالانہ 600 ملین ڈالر میں سے 230 ملین ڈالرز دینے کی تجویز ہے۔

انگلینڈ کرکٹ بورڈ کو مجموعی کمائی کا 6.89 فیصد،کرکٹ آسٹریلیا کو6.25 فیصد اور پاکستان کو 5.75 فیصد دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

آئی سی سی کی کمائی سے سب سے زیادہ حصہ لینے والوں میں انگلینڈ دوسرے،آسٹریلیا تیسرے اور پاکستان چوتھے نمبر پر ہے۔

انگلینڈ کرکٹ بورڈ کو آئی سی سی کی سالانہ کمائی میں سے 41 ملین ڈالر دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے، جب کہ کرکٹ آسٹریلیا کو 37.53 ملین ڈالر اور پاکستان کو 34.51 ملین ڈالر ملے گا۔

نیوزی لینڈ کو 4.73 فیصد حصے کےبعد 28.38 ملین ڈالر ملنے کا امکان ہے۔

ویسٹ انڈیز کو 4.58 فیصد،سری لنکا 4.52،بنگلا دیش کو 4.46 فیصد ملنے کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ جنوبی افریقا کو 4.37 فیصد، آئر لینڈ 3.01 فیصد اور افغانستان کو 2.80 فیصد حصہ ملنےکاامکان ہے۔

آئی سی سی فل ممبرز کو سالانہ کمائی میں سے 88.81 فیصدجبکہ ایسوسی ایٹ ممبرز کو 11.19 حصہ ملے گا یعنی فل ممبرز کو 532.84 ملین ڈالر جبکہ ایسوسی ایٹ ممبرزکو 67.16 ملین ڈالر حصہ دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔