گزشتہ سال مفادات کے ٹکراؤ کے باعث انضمام الحق نے چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑا تو پی سی بی نے وہاب ریاض کو چیف سلیکٹر بنا دیا تھا۔
آئی سی سی (انٹرنیشنل کرکٹ کونسل) 29 اور 30 جولائی کو مالدیپ میں 2 روزہ ہائی پرفارمنس ورکشاپ کا انعقاد کرے گی،اس میں سابق ٹیسٹ کرکٹر وہاب ریاض اور موجودہ ہیڈ کوچ نیشنل کرکٹ اکیڈمی شاہد انور شرکت کریں گے۔
ورکشاپ کو جدید ترین کوچنگ تکنیک کے ساتھ ساتھ نچلی سطح سے ٹیلنٹ کی شناخت اور نشوونما کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
اس سے قبل آئی سی سی لیول 2 ٹیوٹرز ٹریننگ کورس 24 جولائی سے مالدیپ میں ہی شروع ہوگا، اس میں پاکستان کی نمائندگی جنرل منیجر اکیڈمیز ڈاکٹر عمران عباس کریں گے، کورس آئی سی سی کے تعلیمی اور ٹریننگ پروگرام کا حصہ ہے۔
لیول 2 ٹیوٹرز ٹریننگ کورس کی نگرانی سابق پاکستانی انٹرنیشنل کرکٹر اقبال سکندراوربنگلہ دیش کے سابق ٹیسٹ کپتان امین الاسلام کریں گے، دونوں کو یہ ذمہ داری آئی سی سی نے سونپی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال مفادات کے ٹکراؤ پر انضمام الحق نے چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑا تو چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے وہاب ریاض کو چیف سلیکٹر بنا دیا تھا۔ جب محسن نقوی پی سی بی چیئرمین بنے تو انہوں نے بھی انہیں سلیکشن کمیٹی کا رکن برقرار رکھا۔ بعدازاں منصور رانا کے ہوتے ہوئے سینئر منیجر کا عہدہ بھی وہاب ریاض کو دے دیا گیاتھا۔
وہاب ریاض کو ٹی 20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی خراب پرفارمنس اور ڈسپلن کی خلاف ورزیوں پر عہدوں سے ہٹایا گیا مگر اب انہیں پھر سے کوچنگ کی میں لانے کی تیاری شروع ہوگئی ہے۔
پی سی بی کے اس اقدام کو سابق کرکٹرز کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔