news
English

پی سی بی کا امپائرز اور میچ ریفریز کے لیے سالانہ ورکشاپ پروگرام کا اعلان

پی سی بی نے امپائرز اور میچ ریفریز کے لیے سالانہ ورکشاپ کے پروگرام کا اعلان کردیا جس میں ملک بھر کے میچ آفیشلز کو جدید قوانین سے آگاہی دی جائے گی

پی سی بی کا امپائرز اور میچ ریفریز کے لیے سالانہ ورکشاپ پروگرام کا اعلان فوٹو: اے ایف پی

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے امپائرز اور میچ ریفریز کے لیے سالانہ ورکشاپ کے پروگرام کا اعلان کردیا ہے۔

پی سی بی نے امپائرز اور میچ ریفریز کے لیے سالانہ ورکشاپ کے پروگرام کا اعلان کردیا جس میں ملک بھر کے میچ آفیشلز کو جدید قوانین سے آگاہی دی جائے گی۔ ورکشاپ میں میچ آفیشلز کو پلینگ کنڈیشنز، کوڈ آف کنڈکٹ اور لباس کے قوانین سے روشناس کرایا جائے گا۔

شیڈول کے مطابق امپائرز ورکشاپ 25 سے 27 اگست تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری رہے گی، 29 سے 31 اگست تک امپائرز ورکشاپ راولپنڈی میں رکھی گئی ہے جب کہ 3 ستمبر سے 5 ستمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں یہ ورکشاپ طے ہے۔

میچ ریفریز کے لیے ورکشاپ کا آغاز 6 ستمبر سے ہوگا، قذافی اسٹیڈیم میں یہ سلسلہ 8 ستمبر تک جاری رہے گا، امپائرز ورکشاپس آئی سی سی انٹرنیشنل پینل کے امپائرز احسن رضا اور آصف یعقوب کنڈکٹ کریں گے۔ میچ ریفریز ورکشاپ کا انتظام احسن رضا اور آئی سی سی انٹرنیشنل پینل کے میچ ریفری محمد انیس کے سپرد کیاگیا ہے۔

پی سی بی کے منیجر امپائرز اینڈ ریفریز بلال قریشی  ورکشاپس کی نگرانی کریں گے، ورکشاپس کے انعقاد کا مقصد ملک بھر کے میچ آفیشلز کو جدید قوانین سے آگاہی دینا ہے، ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ ہارون رشید کے مطابق پی سی بی کے پاس بہترین میچ آفیشلز ہیں، آئندہ ڈومیسٹک سیزن کے آغاز سے قبل ورکشاپس امپائرز اور ریفریز کے لیے سودمند ثابت ہوں گی۔