news
English

پی ایس ایل8 کے لئے نئی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی

 لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کے لئے نئی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی۔

پی ایس ایل8 کے لئے نئی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی

لاہور کے تاریخی شالیمار باغ میں ہونے والی ٹرافی کی رونمائی کی تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی، فرنچائز مالکان اور اعلیٰ عہدداران شریک تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ 25 قیراط سونے کے استعمال کے ساتھ بنائی گئی نئی ٹرافی پہلے سے زیادہ دیدہ زیب انداز میں تیار کی گئی ہے جبکہ سیزن سیون میں استعمال کی گئی ٹرافی دوبارہ پیش نہیں کی جائے گی اور یہ دفاعی چیمپئن لاہور قلندر کے پاس ہی رہے گی۔

 واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا آغاز 13 فروری سے ملتان میں ہوگا جبکہ 19 مارچ کو ایونٹ کا فائنل کھیلا جائے گا۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل 8 کے لئے کمنٹیٹرز اور پریزینٹرز کے ناموں کا اعلان کردیا ہے، جن میں سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کا نام شامل نہیں ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن میں 34 میچوں کے دوران 15 کمنٹیٹرز اور دو پریزنٹرز پر مشتمل پینل میں ایلن ولکنز، بازید خان، ڈینی موریسن، ڈیرن گنگا، ڈومینک کارک، مارک بچر، نک نائٹ، ثنا میر، سکندر بخت، سائمن ڈول، عروج ممتاز، ورنن فلینڈر اور وقار یونس انگریزی میں کمنٹری کریں گے۔