news
English

انٹرنیشنل میڈیا رائٹس: پی سی بی کی توقعات پھر پوری نہ ہوسکیں

پی سی بی کی جانب سے ایک بار پھر نیلامی کا عمل منسوخ کرتے ہوئے دیگر دستیاب آپشنز پر غور کیا جائے گا۔

انٹرنیشنل میڈیا رائٹس: پی سی بی کی توقعات پھر پوری نہ ہوسکیں

انٹرنیشنل میڈیا رائٹس کی فروخت میں ایک بار پھر پی سی بی کی توقعات پوری نہ ہو سکیں، اس بار تو سابقہ منسوخ شدہ بِڈ سے بھی آدھی رقم کی آفر سامنے آئی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق چند ماہ قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے3 سالہ انٹرنیشنل میڈیا رائٹس کےلیے تقریبا 21 ملین ڈالر کی غیرمنطقی ریزرو پرائس مختص کی تھی،ایک پاکستانی میڈیا گروپ اور نجی کمپنی کے کنسورشیئم نے مل کر بڈنگ میں حصہ لیا،غیرملکی کمپنیز ولواوراسپورٹس فائیو بھی اس عمل میں شریک ہوئیں۔ 
اسپورٹس فائیو نے سب سے بڑی 7.8 ملین ڈالر کی بڈ دی،پاکستانی کمپنیز کی بڈ تقریبا 4.1 اور ولو کی2.25 ملین رہی، ریزرو پرائس میچ نہ ہونے پر بورڈ نے شریک پارٹیز کو پرائس بڑھانے کا کہتے ہوئے بڈنگ کے دوسرے راؤنڈ کا انعقاد کیا، اسپورٹس فائیو نے دوسرے مرحلے میں اپنی سابقہ پیشکش 7.8 ملین میں کوئی اضافہ نہیں کیا۔ 
پاکستانی کمپنیز نے اپنی پیشکش تقریبا دگنی کرتے ہوئے 7.85 تک بڑھاتے ہوئے بڈ جیت لی، مگرپی سی بی نے اس بار بھی ریزرو پرائس تک کسی کے نہ پہنچنے پر سب کی بڈز مسترد کردیں، پھر صرف نیوزی لینڈ کے ساتھ ہوم سیریز اور ویسٹ انڈیز کے ساتھ ویمنزسیریز کے لیے دوبارہ ٹینڈرنگ ہوئی، اس میں فاتح دونوں پاکستانی کمپنیز کی مشترکہ بڈ 99 ہزارڈالر(تقریبا 2 کروڑ 76 لاکھ روپے) رہی، ولو نے 75 ہزار اور اسپورٹس فائیو نے 50 ہزار کی بڈ دی۔ 
حال ہی میں پی سی بی نے دوبارہ 2024-26 کی 3 سالہ مدت کیلیے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس فروخت کرنے کی کوشش کا آغاز کیاہے، پاکستانی ٹیم اس دوران 61 میچز کھیلے گی، ان میں 11 ٹیسٹ،26ون ڈے اور24 ٹی ٹوئنٹی شامل ہیں۔ 
آئی سی سی کے سابق کمرشل منیجر کیمبل جیمیسن نے بھی معاونت فراہم کی، اس کے باوجود بورڈ کی توقعات پوری نہ ہو سکیں، آئی ایم جی نے مشروط بڈ دی، ایک پاکستانی میڈیا گروپ اور نجی کمپنی کی مشترکہ بڈ ساڑھے تین سے چار ملین ڈالر کے آس پاس رہی، یوں پی سی بی کو مسترد شدہ سابقہ بڈ سے 50 فیصد کم رقم آفر ہوئی، پی سی بی کی جانب سے ایک بار پھر نیلامی کا عمل منسوخ کرتے ہوئے دیگر دستیاب آپشنز پر غورکیا جائے گا۔