کراچی: سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کے خلاف نیوزی لینڈ نے پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر 147 رنز بنا لیے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری پہلا ون ڈے شروع سے ہی دلچسپ رہا جب فاسٹ بولر نسیم شاہ نے پہلے اوور کی آخری گیند پر ڈیون کانوے کو بولڈ کرکے پویلین کی راہ دکھائی۔ اوپنر فن ایلن 29 رنز بنا کر محمد وسیم کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔
ون ڈے میں ڈیبیو کرنے والے لیگ اسپنر اسامہ میر نے کیوی کپتان کین ولیمسن کو بولڈ کرکے کیریئر کی پہلی وکٹ حاصل کی۔ کین ولیمسن صرف 26 رنز بنا سکے۔
ڈیرل مچل 36 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر بولڈ ہوگئے جبکہ ٹام لیتھم 42 رنز بنا کر اسامہ میر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
نیشنل بینک کرکٹ ارینا کراچی میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
قومی ٹیم میں لیگ اسپنر اسامہ میر نے ون ڈے میں ڈیبیو کیا، ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے اسامہ میر کو ون ڈے کیپ پیش کی۔ مڈل آرڈر بیٹر حارث سہیل کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
نائب کپتان بنائے جانے والے شان مسعود نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں پاکستان ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔ کپتان، ہیڈ کوچ اور سلیکشن کمیٹی نے شان مسعود کو میچ نہ کھلانے کا فیصلہ کیا۔
قبل ازیں، دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز ڈرا ہوگئی تھی۔
پاکستان ٹیم
فخر زمان، امام الحق، کپتان بابراعظم، وکٹ کیپر محمد رضوان، حارث سہیل، سلمان آغا، محمد نواز، اسامہ میر، محمد وسیم، حارث رؤف، نسیم شاہ۔
نیوزی لینڈ ٹیم
فن ایلن، ڈیون کانوے، کپتان کین ولیمسن، ڈیرل مچل، وکٹ کیپر ٹام لیتھم، گلین فلپس، مائیکل بریسویل، مچل سینٹنر، ہنری شپلی، ٹم ساؤتھی، لوکی فرگوسن۔