news
English

پہلا ٹیسٹ: انگلینڈ نے پہلے ہی روز 506 رنز بناکر 112 سالہ ریکارڈ توڑ دیا

راولپنڈی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پہلے ہی روز 506 رنز بناکر 112 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔

پہلا ٹیسٹ: انگلینڈ نے پہلے ہی روز 506 رنز بناکر 112 سالہ ریکارڈ توڑ دیا

انگلش بلے بازوں نے ٹیسٹ میچ کو ٹی ٹوئنٹی بنادیا اور راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستانی بولنگ لائن کے بخیے ادھیڑ کر رکھ دیے، پہلے روز ہی زیک کرولی، بین ڈکٹ، اولی پوپ اور ہیری بروک نے سینچریاں داغ دیں۔

راولپنڈی میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کے اختتام پر انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 4 وکٹ پر506 رنزبنا کر اپنا ہی 112 سال ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز انگلینڈ کے بیٹرز نے پاکستانی بولرز کی جم کر پٹائی کی، 73 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے انگلینڈ نے 4 کھلاڑی آؤٹ پر 506 رنز کی اننگز کھیلی۔

انگلینڈ کے چار بیٹرز نےی سنچریاں جڑ دیں، زک کراولے نے 21 چوکوں کی مدد سے 112 رنز کی اننگز کھیلی، اولی پاپ نے 14 چوکے لگائے اور 108 رنز بنائے، بین ڈکٹ نے 15 چوکوں کے ذریعے 107 رنز کی اننگز کھیلی، جو روٹ 23 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اس وقت وکٹ پر ہیری بروک 101 اور بین اسٹوکس 34 رنز کے ساتھ موجود ہیں، کم روشنی کے باعث پہلے روز کا کھیل 75 اوورز تک محدود کیا گیا۔