news
English

پی سی بی نے پشاور کو پی ایس ایل کی میزبانی دینے سے معذرت کرلی

پی سی بی نے اس حوالے سے صوبائی حکومت کو باقاعدہ طور پر آگاہ کردیا ہے، ذرائع

پی سی بی نے پشاور کو پی ایس ایل کی میزبانی دینے سے معذرت کرلی فوٹو: تیمور جھگڑا

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پشاور کو پی ایس ایل کی میزبانی دینے سے معذرت کرلی۔

ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کے بعد حیات آباد کرکٹ اسٹیڈیم بھی بروقت مکمل نہ ہونے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے پشاور کو پی ایس ایل کی میزبانی دینے سے معذرت کرلی جب کہ فیصلے سے متعلق صوبائی حکومت کو آگاہ کردیا ہے۔

پی ایس ایل کے چھٹے سیزن کے لیے پشاور کو بھی میزبانی دینے کا اعلان کیا گیا تھا اور پشاور کے ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کو جدید طرز پر بنانے کے لیے منصوبہ شروع کیا گیا لیکن منصوبہ بروقت مکمل نہ ہونے کی وجہ سے پی ایس ایل کے میچز کے انعقاد کو ناممکن قراردیا گیا تاہم وزیراعلیٰ محمود خان کی خواہش پر پی ایس ایل کے میچز کے انعقاد کو ممکن بنانے کے لیے حیات آباد کرکٹ اسٹیڈیم کو توسیع دینے پر کام شروع کیا گیا لیکن پی سی بی کی ٹیم کے معائنے کے بعد رپورٹ کی روشنی میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے پشاور کو میزبانی سے معذرت کرلی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی نے اس حوالے سے صوبائی حکومت کو باقاعدہ طور پر آگاہ کردیا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں کے لیے آئی سی سی کے شرائط مکمل نہ ہونے پر پشاور کو پی ایس ایل کی میزبانی نہیں دی جاسکتی، اس حوالے سے ڈی جی اسپورٹس اسفندیار خٹک سے رابطے کی کوشش کی گئی لیکن مصروفیات کے باعث جواب نہ مل سکا۔

پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ پی ایس ایل کی تیاری کے لیے کم وقت رہ گیا ہے اور پشاور میں کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر نہ ہوسکا اس لیے اگلے پی ایس ایل کی میزبانی پشاور کو نہیں مل سکتی اس حوالے سے صوبائی حکومت کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پی ایس ایل سے قبل غیر ملکی ٹیموں کو بتانا ہوتا ہے کہ کن کن شہروں میں میچوں کا انعقاد کیا جارہا ہے، آئی سی سی کی شرائط پوری کرنی ہوتی ہیں جبکہ سیکورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لینا ہوتا ہے اس لیے پشاور میں انتظامات مکمل ہونے کے باعث پی ایس یل کی میزبانی ممکن نہیں۔