news
English

  پشاور زلمی کا پی ایس ایل 9 کے شیڈول پر تحفظات کا اظہار

پشاور زلمی پاکستان سپر لیگ کے فروغ اورمقبولیت میں صف اول کا کردار ادا کرتی آئی ہے لیکن پی سی بی کی جانب سے اہم فرنچائز کے تحفظات کو قابلِ غور نہیں سمجھا جارہا،انتظامیہ

   پشاور زلمی کا پی ایس ایل 9 کے شیڈول پر تحفظات کا اظہار

 

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز پشاور زلمی نے پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن کے شیڈول پر تحفظات کا اظہار کردیا۔ 
پشاور زلمی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ شیڈول کے اس سارے عمل میں نہ پشاور زلمی کوشامل کیا گیا اور نہ ہی شیڈول ریلیزکرنے سے قبل اعتماد میں لیا گیا۔ پشاور زلمی کے صرف چار میچز راولپنڈی میں رکھے گئے ہیں اور صرف ایک میچ کراچی میں شیڈول ہونے پر زلمی انتظامیہ مایوسی کا شکار ہے۔ 

بیان میں کہا گیا کہ شیڈول ریلیز ہونے سے قبل ہی پشاور زلمی نے پانچ میچز پشاورسے قریب وینیو راولپنڈی اور کراچی میں زلمی سپورٹ ہونے کی وجہ سے تین میچ رکھنے کی درخواست کی تھی، پشاور زلمی کے سپورٹر پشاور سے راولپنڈی آکر ہائوس فل کرتے ہیں اور کراچی میں بھی پشاور زلمی کی بڑی فینز بیس موجودہے۔ 
پشاورزلمی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شیڈول ریلیز ہونے کے بعد پشاور کے لاہورمیں شیڈول چار میچز کو کم کرکے پانچ میچز پنڈی اور تین کراچی میں کرانے کی درخواست کی گئی اور پشاور زلمی کی انتظامیہ نے پی سی بی ہیڈ کوارٹر جاکر بھی اپنے تحفظات سے بورڈ حکام کو آگاہ کیا ہے۔ 
بیان میں کہا گیا کہ موجودہ شیڈول سے نہ صرف پشاور زلمی کے فینز شدید مایوس ہیں بلکہ ساتھ ہی زلمی کے کمرشل اینڈ مارکیٹنگ ڈیپارٹمنٹ کو بھی مشکلات اور تحفظات ہیں، پشاور زلمی پاکستان سپر لیگ کے فروغ اورمقبولیت میں صف اول کا کردار ادا کرتی آئی ہے لیکن پی سی بی کی جانب سے اہم فرنچائز کے تحفظات کو قابلِ غور نہیں سمجھا جارہا، پی سی بی کو تمام فرنچائز کا خیال رکھنا چاہئے۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ پشاور زلمی پی ایس ایل نائن میں شرکت کرے گی لیکن ساتھ ہی اپنا احتجاج بھی جاری رکھے گی۔