پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے 19ویں میچ میں ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 172 رنز بنائے
پی ایس ایل کے 19ویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 7 وکٹ سے شکست دے دی۔
پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے 19ویں میچ میں ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 172 رنز بنائے۔ پشاور زلمی کی جانب سے آندرے فلیچر اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا، فلیچر 14 گیندوں پر 24 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد آؤٹ آف فارم کامران اکمل بیٹنگ کے لیے آئے اور کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے۔
امام الحق 34 گیندوں پر 39 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد عمر امین اور کیرن پولارڈ کے درمیان زبردست شراکت داری ہوئی جس کی بدولت پشاور زلمی آخری اوور میں میچ جیتنے میں کامیاب رہا۔
پولارڈ نے ایک بار پھر دھواں دھار اننگز کھیلتے ہوئے ڈینئل کرسچن کو ایک ہی اوور میں 3 چھکے رسید کیے اور 25 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی، وہ 52 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جب کہ عمر امین نے بھی 36 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی، وہ 54 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر پہلے ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔ ملتان کی جانب سے عمر صدیق اور جیمز ونس نے اننگز کا آغاز کیا، عمر صدیق نے اچھا آغاز کیا لیکن بدقسمتی سے وہ 18 رنز پر کامران اکمل کو کیچ دے بیٹھے۔
جانسن چارلز اور جیمز ونس نے اننگز کو آگے بڑھایا، اس دوران چارلز نے وہاب ریاض کو ایک ہی اوور میں 4 چوکے لگائے، اس دوران انہوں نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی اور 31 گیندوں پر 57 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ جیمز ونس بھی 41 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
ڈینئل کرسچن بھی 18 رنز کی اننگز کھیل کر حسن علی کا شکار بنے جب کہ شاہد آفریدی صرف ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے، شعیب ملک 28 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی، عمید آصف اور لیام ڈاسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔