پاکستان سپر لیگ کے 9 ویں سیزن کے لئے ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر فل سائمنز کراچی کنگز کے کوچ کے فرائض سرانجام دیں گے۔
پی ایس ایل کی فرنچائز کراچی کنگز نے نئے ہیڈ کوچ کے نام کا اعلان کر دیا، پاکستان سپر لیگ کے 9ویں سیزن کے لئے ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر کراچی کنگز کی کوچنگ کے فرائض سرانجام دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سابق پی ایس ایل چیمپئن کراچی کنگز نے پاکستان سپر لیگ 9 کے لئے اپنی تیاریوں کا بھرپور آغاز کر دیا ہے۔ کراچی کنگز نے پلیئرز ڈرافٹ سے قبل ٹیم کے نئےہیڈکوچ کا انتخاب کرلیا۔
ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر فل سائمنز کو کراچی کنگز کا نیا ہیڈ کوچ تعینات کیا گیا ہے، اس سے قبل کراچی کنگز اپنے نئے کپتان کا انتخاب بھی کرچکی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملتان سلطانز سے رخصت ہو کر کراچی کنگز کا حصہ بننے والے شان مسعود ہی ٹیم کے نئے کپتان ہوں گے، تاہم اس حوالے سے تاحال باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔ اس کے علاوہ کراچی کنگز نے پاکستان سپر لیگ کے آئندہ سیزن 9 کے لیے پانچ کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جن میں ٹاپ آرڈر بلے باز جیمز ونس، شعیب ملک، فاسٹ بولرحسن علی، میر حمزہ اور اسپنر تبریز شمسی شامل ہیں۔ انتظامیہ نے ان کھلاڑیوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور وہ مقررہ وقت پر ان پانچوں کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کریں گے۔ پی ایس ایل 2020ء کی چیمپئن فرنچائز میں پاکستانی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر کو برقرار نہیں رکھا جائے گا، نسیم شاہ کے جانے کی وجہ سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ان کی ممکنہ طور پر اگلی منزل ہوگی۔
کراچی کنگز کے مڈل آرڈر بلے باز طیب طاہر کے ایک اور فرنچائز کے ساتھ ٹریڈ کے امکانات ہیں۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن 9 کی ڈرافٹ تقریب 13 دسمبر 2023ء کو (آج) نیشنل کرکٹ اکیڈمی، لاہور میں ہونے والی ہے۔