news
English

وزیراعظم نے احسان مانی کو چیئرمین پی سی بی نامزد کردیا

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں نے احسان مانی کو چیئرمین پی سی بی کے طور پر نامزد کردیا ہے

وزیراعظم نے احسان مانی کو چیئرمین پی سی بی نامزد کردیا PHOTO: AFP

وزیر اعظم عمران خان نے نجم سیٹھی کے استعفے کے بعد احسان مانی کو نیا چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نامزد کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں نے احسان مانی کو چیئرمین پی سی بی کے طور پر نامزد کردیا ہے، وہ اس عہدے کے لیے وسیع اور قابل قدر تجربہ رکھتے ہیں، وہ آئی سی سی میں پی سی بی کی نمائندگی کرچکے ہیں وہ 3 سال تک آئی سی سی کے خزانچی رہے بعد ازاں 3 سال تک آئی سی سی کے سربراہ بھی رہے۔

عمران خان نے مزید کہا ہے کہ احسان مانی کے تقرر کے لیے مطلوبہ طریقہ کار اپنایا جائے گا، احسان مانی کو پی سی بی بورڈ آف گورنرز میں شامل کیا جائے گا جس کے بعد وہ چئیرمین پی سی بی کے عہدے کے لیے الیکشن میں حصہ لیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین کے مطابق پی سی بی کے الیکشن کمشنر جسٹس (ر) افضل حیدر بورڈ آف گورنرز کا اجلاس طلب کریں گے بورڈ آف گورنرز میں ووٹنگ کے بعد احسان مانی کو چیئرمین پی سی بی مقرر کیا جائے گا۔ پی سی بی کے آئین کے مطابق چیئرمین کا عہدہ خالی ہونے پر 4 ہفتوں میں پُر کیا جاتا ہے۔

دریں اثنا پی سی بی بورڈ آف گورنرز کے رکن اعجاز عارف نے استعفیٰ دے دیا۔ اعجاز عارف کو سابق وزیر اعظم نواز شریف نے مقرر کیا تھا۔

واضح رہے کہ نجم سیٹھی کی جانب سے ٹوئٹر پر اپنے استعفیٰ کا اعلان کرنے کے کچھ دیر بعد ہی وزیر اعظم عمران خان نے ان کا استعفیٰ قبول کرتے ہوئے احسان مانی کو نیا چیئرمین پی سی بی نامزد کیا ہے۔