news
English

وزیر اعظم شہبازشریف نےنجم سیٹھی کوچیئرمین پی سی بی کے لئے امیدوار نامزدکردیا

وزیر اعظم شہباز شریف اور چیئرمین مینیجمنٹ کمیٹی پی سی بی نجم سیٹھی کی ملاقات

وزیر اعظم شہبازشریف نےنجم سیٹھی کوچیئرمین پی سی بی کے لئے امیدوار نامزدکردیا

وزیر اعظم شہباز شریف نے نجم سیٹھی کو چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے لیے امیدوار نامزد کردیا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف سے چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی پی سی بی نجم سیٹھی کی ملاقات ہوئی جس میں وزیراعظم نے نجم سیٹھی کو جلد پی سی بی چیئرمین کے الیکشنز مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہبازشریف نے نجم سیٹھی کو چیئرمین پی سی بی کےلیے امیدوار نامزد کیا ہے، وزیراعظم شہبازشریف جلد 2نام پی سی بی کے گورنرز بورڈ کو بھجوائیں گے، نجم سیٹھی کے علاوہ دوسرا نام مصطفیٰ رمدے کا ہونے کا امکان ہے۔ 

ملاقات میں نجم سیٹھی نے وزیراعظم کو ایشیاکپ اور انڈیا میں ورلڈ کپ کے بارے میں بریفنگ دی۔

ذرائع کے مطابق نجم سیٹھی نے ایشیا کپ اور ورلڈ کپ سے متعلق وزیر اعظم شہباز شریف سے رائے بھی مانگی، وزیر اعظم نے نجم سیٹھی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی سی بی کا 2014 کا آئین مکمل طور پر بحال ہوچکا ہے،90 فیصد سے زیادہ اضلاع میں پی سی بی ڈسٹرکٹس کا الیکشن مکمل ہوگیا، ریجنز کے 80 فیصد الیکشن مکمل ہوچکے ہیں۔

نجم سیٹھی کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ریجنل انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ 15 جون سے شروع ہورہا ہے، ایک سالہ کرکٹ کیلنڈر مکمل کرلیا گیا ہے جس کا جلد اعلان کیا جائے گا، تمام ڈیپارٹمنٹس نے اپنی کرکٹ ٹیمیں بنانا شروع کردی ہیں اس موقع پر پی سی بی کا آئین بحال کرنے پر وزیر اعظم نے نجم سیٹھی کو مبارک باد بھی دی۔