news
English

اسلام آبادیونائیٹڈ نے ملتان سلطانزکو ہراکر پلے آف مرحلے میں رسائی حاصل کرلی

پی ایس ایل 9 : اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو شکست دینے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن مستحکم کرلی، یونائیٹڈ نے اپنے تمام 10 لیگ میچز کھیلنے کے بعد 11 پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔

اسلام آبادیونائیٹڈ نے ملتان سلطانزکو ہراکر پلے آف مرحلے میں رسائی حاصل کرلی

اسلام آباد یونائیٹڈ نے اتوار کے روز راولپنڈی اسٹیڈیم میں ٹیبل ٹاپر ملتان سلطانز کو شکست دے کر پی ایس ایل 9 کے پلے آف مرحلے میں اپنی جگہ پکی کرلی ہے۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنے تمام 10 لیگ میچز کھیلنے کے بعد 11 پوائنٹس حاصل کیے ہیں، جبکہ ملتان سلطانز 9 میچز کے بعد 12 پوائنٹس کے ساتھ بدستور سرفہرست ہے۔ 
دونوں ٹیمیں گذشتہ روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل تھیں۔ جہاں پاکستان سپر لیگ سیزن نائن کے 27 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے دلچسپ مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو 3 وکٹوں سے شکست دی۔ 
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کا 229 رنز کاہدف اسلام آباد یونائیٹڈ نے آخری گیند پر 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ کامیابی کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ نے 11 پوائنٹس کے ساتھ ٹورنامنٹ کے پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ 
میچ کے اختتامی لمحات میں عماد وسیم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 13 گیندوں پر 30 رنز بنائے۔ 20 ویں اوور کی آخری دو گیندوں پر جب سات رنز درکار تھے تو انہوں نے ایک چھکا اور چوکا لگاکر اپنی ٹیم کو جیت دلادی۔ 
ملتان سلطانز کی جانب سے دیے گئے بڑے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد کی دو وکٹیں 4 رنز کے مجموعی اسکور پر ہی گر گئی تھیں، الیکس ہیلز صفر اور آغا سلمان 2 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد کولن منرو اور کپتان شاداب خان نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور دونوں کے درمیان 64 گیندوں پر 141 رنز کی شراکت داری ہوئی۔ 
کولن منرو 84 اور شاداب خان 54 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، حیدر علی نے 19اور فہیم اشرف نے 23رنز بنائے۔ ملتان سلطانز کی طرف سے عباس آفریدی نے 3، محمد علی نے 2جبکہ ڈیوڈ ولی اور کرس جورڈن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
قبل ازیں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 228 رنز بنائے، اوپنر یاسر خان اور محمد رضوان نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 44 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، تاہم کپتان رضوان 20 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ یاسر خان 33 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ 
دیگر کھلاڑیوں میں جونسن چارلس نے 16 گیندوں پر 42، افتخار احمد 13 جبکہ کرس جارڈن 15 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، ملتان سلطانز کے عثمان خان نے پی ایس ایل کی تیسری سینچری اسکور کی، انہوں نے 50 گیندوں پر 100 رنز بنائے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف نے 2، نسیم شاہ اور حنین شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اسلام آباد یونائیٹڈکااسکواڈ: 
کپتان شاداب خان، ایلکس ہیلز، کولن منرو، سلمان علی آغا، اعظم خان، حیدر علی، عماد وسیم، فہیم اشرف، حنین شاہ، نسیم شاہ، تیمل ملز۔ 
ملتان سلطانزکااسکواڈ: 

کپتان محمد رضوان یاسر خان، طیب طاہر، عثمان خان، جانسن چارلس، افتخار احمد، کرس جارڈن، ڈیوڈ ولی، اسامہ میر، عباس آفریدی، محمد علی۔