news
English

’’پاک بھارت ورلڈکپ میچ نریندر مودی اسٹیڈیم میں کروانے پر تشویش ہے‘‘

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے ورلڈکپ 2023 میں پاک بھارت میچ کیلئے احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں میچ کروانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

’’پاک بھارت ورلڈکپ میچ نریندر مودی اسٹیڈیم میں کروانے پر تشویش ہے‘‘

انڈین ایکسپریس کو انٹرویو دیتے ہوئے سربراہ پی سی بی مینیجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے کہا کہ بھارت کے اقدامات سے ایسا لگتا ہے کہ شاید وہ چاہتے ہیں کہ ہم ہندوستان نہ آئیں، میں ان کی سیاست میں نہیں جانا چاہتا لیکن یقینی طور پر اگر سب سے زیادہ کسی جگہ ہمیں سیکیورٹی کا مسئلہ ہوگا تو وہ احمد آباد ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک بھارت میچ اگر چنئی یا کولکتہ میں ہوتا تو بھی سمجھ میں آتا، احمد آباد میں کون سیاسی طور پر حکومت کرتا ہے سب جانتے ہیں۔

 گزشتہ دنوں میڈیا رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاک بھارت ورلڈکپ مقابلے کیلئے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم کا انتخاب کیا ہے، جس میں 1 لاکھ سے زائد شائقین کرکٹ لائیو میچ سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

پاکستان اپنے ورلڈکپ کے میچز سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر چنئی اور بنگلورو میں کھیل سکتا ہے جبکہ کولکتہ کے مشہور ایڈن گارڈنز کو بھی پاکستان کے میچز کی میزبانی کا ممکنہ مقام سمجھا جارہا ہے۔

دوسری جانب رپورٹس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کے اختتام پر ورلڈکپ کے شیڈول کا اعلان کرسکتی ہے۔

گزشتہ روز نجم سیٹھی بھارتی میڈیا پر دو ٹوک موقف پیش کرچکے ہیں کہ اگر ہندوستان کی ٹیم پاکستان نہیں آتی تو پاکستان بھی ورلڈکپ کیلئے بھارت نہیں جاسکتا، کیونکہ ہماری حکومت ہمیں بھارت میں جاکر کھیلنے کی اجازت نہیں دے رہی، جس طرح بھارتی ٹیم کو پاکستان میں سیکیورٹی کے مسائل ہیں، اسی طرح پاکستان کو انڈیا میں ہیں۔