news
English

رکی پونٹنگ کا کپتان کے طور پر بابراعظم کے ساتھ حمایت کا اظہار

رکی پونٹنگ کا ماننا ہے کہ بابر اعظم کی کپتانی میں ٹیم پاکستان زیادہ مستحکم ہے، انہوں نے صائم ایوب کے روشن مستقبل کی پیش گوئی بھی کی۔

رکی پونٹنگ کا کپتان کے طور پر بابراعظم کے ساتھ حمایت کا اظہار

سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ کا خیال ہے کہ 2022 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں رنر اپ پوزیشن سے بہتر ہونے اور 2009 کا ٹائٹل دوبارہ جیتنے کے لیے پاکستان کے امکانات بابر کی قیادت میں زیادہ بہتر نظر آتے ہیں۔
رکی پونٹنگ نے بابر اعظم کے ساتھ کپتان کے طور پر حمایت کا اظہار کیا اور صائم ایوب کے روشن مستقبل کی پیش گوئی کی۔ 
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے کرکٹ لیجنڈ رکی پونٹنگ کا ماننا ہے کہ بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان کی ٹیم پہلے سے زیادہ مضبوط اورمستحکم ہے۔ 
بابراعظم کو ایک مختصر مدت کے بعد دوبارہ پاکستان کا وائٹ بال کپتان مقرر کیا گیا ہے اس سے قبل ٹیم کی قیادت شاہین آفریدی کے پاس تھی۔ دوسری جانب رکی پونٹنگ کا خیال ہے کہ پاکستان کے 2022 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں رنر اپ پوزیشن پر رہنے کے مقابلے میں اب ٹیم زیادہ بہتر نظر آتی ہے اور 2009 کا ٹائٹل دوبارہ جیتنے کے امکانات بابراعظم کی قیادت میں زیادہ بہتر ہیں۔
رکی پونٹنگ نے آئی سی سی ریویو سے بات کرتے ہوئے کہاکہ "کپتانی کچھ لوگوں کے ساتھ اچھی طرح سے جچتی ہے اور کچھ لوگوں کے ساتھ نہیں، ہم نے گذشتہ کئی سالوں کے دوران دیکھا ہے کہ کھیل کے کچھ بہترین کھلاڑی ہمیشہ بہترین کپتان نہیں بنے ہیں اور جو چیز کچھ بہترین کھلاڑیوں کو اتنا اچھا بناتی ہے وہ یہ ہے کہ وہ اپنے کھیل میں کیسے اپنی توجہ کو مرکوز رکھتے ہیں، کیسے بہتر ہونے کے لیے روزانہ محنت کرتے ہیں۔ ور جب آپ کپتان ہوتے ہیں، تو آپ کو یہ سب کچھ کرنا پڑتا ہے۔ آپ کو اپنے کھیل کا خیال رکھنا ہوتا ہے، اپنے ارد گرد کے تمام کھلاڑیوں کا خیال رکھنا ہوتا ہے۔ لہذا کچھ لوگ اس کو بہتر طریقے سے منیج کر سکتے ہیں جبکہ کچھ لوگ نہیں کرپاتے۔ مجھے لگتا ہے کہ بابر جب پہلی بار کپتان بنے تھے، تو ان کے ریکارڈ کو دیکھ کر ایسا لگا کہ ان کی کارکردگی کم ہو گئی۔ لہذا مجھے لگتا ہے کہ انہوں نے اس سے کچھ سیکھا ہوگا۔،،
رکی پونٹنگ نے مزید کہا کہ "شاہین نے بھی بطور لیڈر کرکٹ کی دنیا میں کوئی خاص کارکردگی نہیں دکھائی، لہذا مجھے لگتا ہے کہ ورلڈکپ جیسے بڑے مقابلے میں جاتے ہوئے، جب آپ کے پاس بابر جیسے کپتان ہوں تو ٹیم زیادہ مستحکم نظر آتی ہے۔،، 
رکی پونٹنگ نے پاکستان کے نوجوان ٹیلنٹ، صائم ایوب کی طرف بھی اشارہ کیا، جنہوں نے حالیہ ٹی 20 سیریز میں محمد رضوان کے ساتھ اوپننگ کی تھی۔ پونٹنگ نے صائم ایوب کی تعریف کرتے ہوئے انہیں "مستقبل کا ستارہ" قرار دیا اور پی ایس ایل میں ان کی شاندار کارکردگی کا ذکر کیا۔ پونٹنگ نے کہا کہ "مجھے صائم ایوب کا یہاں آسٹریلوی سمر کے دوران کھیل دیکھ کر بہت اچھا لگا۔ انہوں نے سڈنی میں ٹیسٹ میچ کھیلا اور میں اس وقت ان کے بارے میں زیادہ نہیں جانتا تھا۔ جب میں تبصرہ کر رہا ہوتا ہوں، تو مجھے کھلاڑیوں کے بارے میں جاننا پسند ہوتا ہے کہ وہ کیا کر سکتے ہیں، لہذا میں نے ان کی کچھ پی ایس ایل کی کارکردگی دیکھی۔ اور وہ ایک حقیقی کھلاڑی ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ وہ مستقبل کے اسٹار ہیں۔"