news

پراباتھ جے سوریا نے بابر اعظم کو اپنا پکا شکار بنالیا

گال ٹیسٹ میں سرفراز 3 ہزار رنز بنانے والے پہلے پاکستانی وکٹ کیپربن گئے،عبداللہ شفیق کے 1 ہزار رنز۔

پراباتھ جے سوریا نے بابر اعظم کو اپنا پکا شکار بنالیا

سری لنکن بولر پراباتھ جے سوریا نے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کو اپنا پکا شکار بنالیا، 5اننگز میں بابرکو 4بار پویلین بھیجا۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گال ٹیسٹ جاری ہے، پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پراباتھ جے سوریا نے بابراعظم کو آؤٹ کیا،پاکستانی ٹیم کے کپتان 5اننگز میں 4بارسری لنکن اسپنر کا شکار بن چکے ہیں،انھوں نے اس دوران 35.75کی ایوریج سے 143رنز اسکور کیے۔ 
گال کا میدان جے سوریا کی مرغوب شکار گاہ بھی ہے، ابھی تک انھوں نے وہاں 11میچز میں 49وکٹیں اڑائی ہیں،مرلی دھرن 20میچز میں 111شکار کرکے سرفہرست ہیں،اسی میدان میں رنگانا ہیراتھ102،دلروان پریرا57اور رمیش مینڈس 51 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجنے میں کامیاب ہوئے تھے۔ 
دوسری جانب سرفراز احمد نے 3ہزار ٹیسٹ رنز مکمل کرلیے، انھوں نے یہ سنگ میل اپنے کیریئر کے 52ویں میچ میں عبور کیا۔ اس دوران 4سنچریاں اور 21 ففٹیز اسکور کیں، سرفراز 3000 بنا کر یہ اعزاز پانے والے پاکستان کے 20ویں بیٹر اور قومی ٹیم کے پہلے وکٹ کیپرہیں۔اس سے قبل معین خان 2741رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر تھے،انھوں نے کیریئر میں 69 میچز کھیلے،کامران اکمل 53میچز میں 2648 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں، دوسری جانب عبداللہ شفیق نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے ایک ہزار رنز مکمل کیے ہیں،انھوں نے یہ سنگ میل 24ویں اننگز میں عبور کیا، قومی ٹیم کے بلے باز سعید احمد 20، صادق محمد 22، جاوید میانداد 23، توفیق عمر اور عابد علی 24،24اننگز میں ایک ہزار رنز مکمل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔