news
English

دوسرے پریکٹس میچ میں بابر اعظم کی ٹیم گرینز نے دو رنز سے کامیابی حاصل کرلی

آصف علی کی شاندار پچانوے رنز کی اننگز رائیگاں گئی

دوسرے پریکٹس میچ میں بابر اعظم کی ٹیم گرینز نے دو رنز سے کامیابی حاصل کرلی فوٹو: پی سی بی

دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے لیے دوسرے پریکٹس میچ میں بابر اعظم کی ٹیم گرینز نے دو رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔

آصف علی کی شاندار پچانوے رنز کی اننگز رائیگاں گئی۔ ٹیم وائٹ کو پچاس اوورز میں تین سو بیس رنز کا ہدف دیا گیا لیکن تمام کھلاڑی  اڑتالیس ویں اوور میں تین سو سترہ رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

قذافی  اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس پریکٹس میچ میں ٹیم گرینز نے محمد رضوان کی سنچری کی بدولت  پہلے کھیلتے ہوئے آٹھ وکٹ پر  356 سکور کیا، محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اکیاسی گیندوں پر 112 رنز کی اننگز کھیلی جس میں تین چھکے اور دس چوکے شامل تھے۔اوپنر فخر زمان نے اٹھاون سکور کیا،  کپتان بابر اعظم نے اڑتالیس رنز کا حصہ ڈالا۔عثمان قادر، محمد حفیظ اور فیصل اکرم نے دو دو شکار کیے۔ٹیم گرینز کی قیادت بابر اعظم اور وائٹ کے کپتان سرفراز احمد ہیں۔

جواب میں سرفراز احمد کی کپتانی میں کھیلنے والی ٹیم وائٹ کو ٹیم انتظامیہ کی جانب سے تین سو بیس رنز ٹارگٹ دیا گیا۔ آصف علی  پانچ رنز کی کمی سے اپنی سنچری مکمل کرنے میں ناکام رہے۔ عبداللہ شفیق  باسٹھ اور  عثمان قادر تریپن رنز بناکر نمایاں رہے۔سعود شکیل نے چھتیس سکور کیا، شرجیل خان انیس رنز تک محدود رہے. شاہین آفریدی، حارث روف اور محمد نواز نے تین تین وکٹ لیے۔یاد رہے کہ پہلے پریکٹس میچ میں شاداب خان الیون نے بابر اعظم الیون کو چار وکٹ سے ہراکر برتری ثابت کی تھی۔