news
English

فخرزمان ورلڈکپ میچ میں زیادہ چھکے لگانے والے دوسرے پاکستانی بلےباز بن گئے

اپنی سنچری مکمل کرنے کے بجائےہدف کا تعاقب کرکے ٹیم کی جیت کو ترجیح دی، فخر زمان

فخرزمان ورلڈکپ میچ میں زیادہ چھکے لگانے والے دوسرے پاکستانی بلےباز بن گئے

دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان نے مسلسل چار شکستوں کا منہ دیکھنے کے بعد بالآخر منگل کے روز بنگلہ دیش کو ہرا کر چوتھی کامیابی حاصل کرلی۔  
قومی ٹیم کے اوپنرز فخر زمان (81) اور عبداللہ شفیق (68) نے 128 رنز کی زبردست شراکت کے ساتھ مل کر گرین شرٹس کی فتح کو یقینی بنایا، مین ان گرین نے 205 رنز کے ہدف کا کامیابی سے تعاقب کرتے ہوئےکامیابی حاصل کی۔ 
مین آف دا میچ کا اعزاز پانے والے بلے باز فخر زمان نے اس موقع پر کہا "کیونکہ ہم اس وقت جس صورتحال سے دوچار ہیں، ہم ہدف کا تعاقب 28-29 اوورز میں کرنا چاہتے تھے، اس لیے میں نے مشکل قدم اٹھایا، ورنہ میرے لیے 100 رنز تک پہنچنا بہت آسان تھا لیکن ہمارا مقصد ہدف کا تعاقب کرکے ٹیم کو جتوانا تھا۔ 
بابر اعظم الیون ورلڈ کپ کے سات میچوں میں اس تازہ ترین کامیابی کے بعد پانچویں نمبر پر آگئی ہے، جبکہ بنگلہ دیش اس مقابلے سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ 
قومی ٹیم کے 33 سالہ بائیں ہاتھ کے کھلاڑی فخرزمان گھٹنے کی انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے تھے تاہم صحت یاب ہونے کے بعد وہ ورلڈ کپ میں اپنا دوسرا میچ کھیل رہے تھے۔ 
فخر زمان نے کہا کہ ہم اس جیت کا بے چینی سے انتظار کر رہے تھے کیونکہ ورلڈ کپ میں ہر جیت اعتماد کو بڑھاتی ہے اور ہمارا مقصد باقی دو میچز بھی جیتنا ہے، ہمارا ہدف سیمی فائنل ہے۔،،
بنگلہ دیش کے خلاف کامیابی سے نہ صرف گرین شرٹس کے اعتما دمیں اضافہ ہوا ہے بلکہ فخر زمان ورلڈکپ میچ میں زیادہ چھکے لگانے والے دوسرے پاکستانی بیٹر بھی بن گئے ہیں۔ 
فخر زمان نے بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گئے ورلڈکپ میچ میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے7 چھکے لگا کر یہ اعزاز حاصل کیا۔ 
فخرزمان ورلڈکپ میچ میں زیادہ چھکے لگانے والے دوسرے پاکستانی بیٹر بن گئے ہیں، انہوں نے منگل کے روز بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گئے میچ میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 7 چھکے لگا کر یہ اعزاز حاصل کیا، فخرزمان 74 گیندوں پر 81 رنز کی اننگز کھیل کر آئوٹ ہوئے، پاکستان کی جانب سے ورلڈکپ میچ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا اعزاز سابق بلے باز عمران نذیر کو حاصل ہے جنہوں نے 2007 میں زمبابوے کے خلاف ورلڈکپ میچ میں 8 چھکے لگائے تھے، اس کے ساتھ ساتھ فخرزمان نے رواں ورلڈکپ کے دوران تیسرا بڑا چھکا لگانے کا اعزاز بھی حاصل کیا، انہوں نے ہدف کے تعاقب میں اننگز کے پانچویں اوور کی تیسری گیند پر بنگلہ دیشی فاسٹ بائولر تسکین احمد کو 99 میٹر طویل چھکا لگا کر یہ کارنامہ انجام دیا، رواں ورلڈکپ کے دوران طویل ترین چھکا لگانے کا اعزاز آسٹریلوی بیٹر گلین میکسویل کے پاس ہے جنہوں نے 104 میٹر طویل چھکا لگایا تھا، بھارتی بیٹر شیریاس آئر 101 میٹر طویل چھکا لگانے کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔