news

بنگلہ دیش اے کیخلاف پاکستان کے نامور کھلاڑی شاہینزکی نمائندگی کرینگے

بنگلہ دیش اے کے خلاف پہلا چار روزہ میچ 10 سے 13 اگست تک اسلام آباد کلب میں کھیلا جائے گا۔

بنگلہ دیش اے کیخلاف پاکستان کے نامور کھلاڑی شاہینزکی نمائندگی کرینگے

پی سی بی کی جانب سے بنگلہ دیش اے کے خلاف چار روزہ میچز کے لئے انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کرلیاگیا۔ پاکستان کے نامورکھلاڑی شاہینز کی نمائندگی کریں گے۔ بنگلہ دیش اے کے خلاف پہلا چار روزہ میچ 10 سے 13 اگست تک اسلام آباد کلب میں کھیلا جائے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے بنگلہ دیش اے کے خلاف چار روزہ میچز کے لئے قومی ٹیم کے لیے خدمات سرانجام دینے والے انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کرلیا۔ بنگلہ دیش اے کیخلاف آئندہ چار روزہ سیریز میں شاہینوں کی نمائندگی کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے متعدد کھلاڑیوں کو میدان میں اتارنے کی اہم تجویز سامنے آئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس اقدام کا مقصد ان کھلاڑیوں کو رواں ماہ بنگلہ دیش کے خلاف دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز سے قبل بہترین پریکٹس فراہم کرنا ہے۔ 
یہ تجویز وقار یونس کی مشاورت کے باعث سامنے آئی ہے جنہیں حال ہی میں پی سی بی کے سربراہ محسن نقوی کا مشیر برائے کرکٹ امور مقرر کیا گیا ہے۔ حال ہی میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں حصہ لینے والے بابر اعظم، محمد رضوان اور نسیم شاہ جیسے نامور کھلاڑی تربیتی کیمپ میں شرکت کے لیے تیار ہیں۔ سلیکٹرز محمد یوسف اور اسد شفیق ٹیسٹ کپتان شان مسعود اور ریڈ بال کوچ جیسن گلیسپی کے ساتھ مشاورت کر کے جلد ٹیسٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کے لیے ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کریں گے۔ 
بنگلہ دیش اے کے خلاف چار روزہ میچ 10 سے 13 اگست تک اسلام آباد کلب میں کھیلا جائے گا جس میں جیسن گلیسپی کو پاکستان شاہینز کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ وہ کھلاڑیوں کی فارم اور پوزیشن کا قریب سے مشاہدہ اور جائزہ لینے کے لیے 6 اگست کو پاکستان واپس آئیں گے۔ وقار یونس اب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے کنسلٹنٹ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، وہ پہلے ہی پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں اپنی ذمہ داریاں شروع کر چکے ہیں۔ 
جمعرات کےروز انہوں نے لاہور میں اپنی پہلی میٹنگ کی قیادت کی جہاں انہوں نے پاکستان شاہینز کے لیے سلیکشن پالیسی کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں پاکستان کے ان ٹیسٹ کھلاڑیوں کو شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا جنہوں نے جنوری میں سڈنی ٹیسٹ کے بعد کسی بھی میچ میں حصہ نہیں لیا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ وہ آئندہ چار روزہ میچ میں بھرپور پریکٹس کرسکیں گے۔ 
پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ بھی 10 اگست سے راولپنڈی اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔ عبداللہ شفیق، ابرار احمد، سعود شکیل اور نعمان علی سمیت اہم کھلاڑی جنہوں نے جنوری سے اب تک کوئی چار روزہ میچ نہیں کھیلا ہے وہ اس اقدام سے مستفید ہوسکیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے اختیار کے ساتھ وقار یونس نے ایک جامع سلیکشن پالیسی کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔ اس کوشش کا مقصد ایک بڑا پلیئر پول بنانا ہے جو کھلاڑیوں کی مسلسل پریکٹس اور آئندہ ٹیسٹ سیریز کے لیے تیاری کو یقینی بنائے۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا چار روزہ میچ 10 اگست کو شروع ہوگا اور دوسرا میچ 17 اگست کو ہوگا جبکہ تین ون ڈے میچز 23، 25 اور 27 اگست کو شیڈول ہیں۔