news
English

بورڈ اور فرنچائزز میں سرد مہری کی برف پگھلنے لگی

بورڈ کا بینک گارنٹی پر اصرار،پہلے آمدنی میں سے حصہ دیا جائے،ٹیم اونرز

بورڈ اور فرنچائزز میں سرد مہری کی برف پگھلنے لگی PHOTO COURTESY: PSL

پی سی بی اور پی ایس ایل فرنچائزز میں سرد مہری کی برف پگھلنے لگی۔

گورننگ کونسل کا اجلاس 30ستمبر کو کراچی میں طلب کر لیا گیا جس میں مسائل پر بات ہوگی، بورڈ کا بینک گارنٹی پر اصرارجبکہ ٹیم اونرز کا مطالبہ ہے کہ پہلے چوتھے ایڈیشن کی آمدنی میں سے حصہ دیا جائے۔

پی سی بی اور پی ایس ایل فرنچائزز کے تعلقات گذشتہ دنوں خاصے کشیدہ ہو گئے تھے، کئی معاملات پر اختلافات کے سبب معاملات دھمکیوں تک بھی پہنچے، 6 ماہ سے زائد وقت گذرنے کے باوجود بورڈ نے ٹیموں کو منافع میں سے تاحال حصہ نہیں دیا،۔

دوسری جانب بینک گارنٹی جمع کرانے کیلیے اصرار جاری ہے، تمام فرنچائزز نے اس پر مشترکہ لائحہ عمل تیار کیا کہ جب تک ریونیو شیئر نہیں ملے گا کوئی گارنٹی جمع نہیں کرائے گا، بورڈ نے اس پر سخت انداز اپناتے ہوئے 10دن میں بینک گارنٹی نہ آنے پر سخت ایکشن کی دھمکی دے دی، ساتھ ہی ڈرافٹ وقت پر نہ ہونے اور ورکنگ گروپس کے غیرفعال ہونے کا بھی بتا دیا۔

ذرائع کے مطابق یہ تمام معاملات میڈیا پر آنے کے بعد پی سی بی حکام تھوڑا بیک فٹ پر گئے ہیں، اب انھوں نے ایک بار پھر فرنچائزز سے رابطہ کر کے مسائل حل کرنے کا عندیہ دے دیا،اس حوالے سے 30 ستمبر کو کراچی میں گورننگ کونسل کا اجلاس طلب کر لیا گیا جس میں چیئرمین احسان مانی اور سی ای او وسیم خان فرنچائز مالک سے تبادلہ خیال کریں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ ملکی معاشی حالات اور روپے کی قدر میں گراوٹ سے فرنچائزز بے حد پریشان ہیں، وہ بورڈ سے بینک گارنٹی میں ریلیف پر بات کریں گی، ساتھ ہی آمدنی کا حصہ جلد دینے کا بھی کہا جائے گا۔