پی سی بی نے پی ایس ایل6 کا مجوزہ شیڈول تیار کر لیا ہے، میچز صرف 2 وینیوز کراچی اور لاہور میں ہی کھیلے جائیں گے
کراچی / لاہور: پی ایس ایل 6 کا میلہ صرف 2 شہروں کراچی اور لاہور میں ہی سجانے کی تجویز سامنے آگئی،اس سے پی سی بی کو بائیو سیکیور ببل کی تشکیل اور بڑھتے اخراجات پر قابو پانے میں کچھ مدد ملے گی۔
پی سی بی نے پی ایس ایل6 کا مجوزہ شیڈول تیار کر لیا ہے، میچز صرف 2 وینیوز کراچی اور لاہور میں ہی کھیلے جائیں گے، رواں برس ملتان اور راولپنڈی میں بھی مقابلوں کا انعقاد ہوا تھا،ملک میں کورونا وائرس کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے مطابق بورڈ اب لیگ کو محدود رکھے گا، دونوں وینیوز پر شائقین کو آنے کی بھی اجازت نہیں دی جائے گی، پانچویں ایڈیشن کے شیڈول پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے خاصا اعتراض کیا تھا جسے الگ الگ شہروں میں متواتر میچز کھیلنے پڑے تھے۔
دفاعی چیمپئن ٹیم کے پہلے راؤنڈ سے اخراج کی ایک بڑی وجہ شیڈولنگ کو ہی قرار دیا جا رہا تھا، کسی تنازع سے بچنے کیلیے پی سی بی نے اس بار پہلے ہی شیڈول پر فرنچائزز سے رائے طلب کر لی ہے، چھٹے ایڈیشن کا افتتاحی نائٹ میچ ہفتہ 20 فروری کو دفاعی چیمپئن کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائیگا، فائنل پیر 22 مارچ کو رکھا گیا ہے،اسلام آباد یونائٹیڈ، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 3،کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کو 2 جبکہ لاہور قلندرز کو ایک بار مسلسل 2 روز میچز کھیلنا پڑیں گے۔
دن میں 2 میچز کسی ایک شہر میں ہی ہواکرینگے،20 فروری سے 7 مارچ تک20 میچز ایک وینیو کراچی پر ہوں گے، اس کے بعد فائنل سمیت دیگر تمام مقابلوں کا انعقاد دوسرے وینیو لاہور میں کیا جائے گا، پی سی بی اس کیلیے خصوصی طور پر بائیو سیکیور ماحول تیار کرائے گا، میچز2 شہروں تک محدود رکھنے کی ایک وجہ یہ بھی ہے، ابتدائی مرحلے میں 21 میچز نائٹ اور دیگر 9 ڈے ہوں گے،اسلام آباد یونائٹیڈ8،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز،ملتان سلطانز، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی 7، 7 جبکہ کراچی کنگز 6 نائٹ میچز کھیلے گی۔
مجوزہ شیڈول کے مطابق 21 فروری کو ایونٹ کا دوسرا میچ لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان ہوگا، اسی رات اسلام آباد یونائٹیڈ اور ملتان سلطانز کا مقابلہ ہوگا، 22فروری کو لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، اگلے روز پشاور زلمی اور ملتان سلطانز جبکہ 24 فروری کو کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائٹیڈ کے میچز ہوں گے، یہ تینوں سنگل میچز فلڈ لائٹس میں کھیلے جائیں گے۔
ایک دن آرام کے بعد 26 تاریخ کو لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز جبکہ کوئٹہ اور اسلام آباد (نائٹ) کا مقابلہ ہوگا، اگلے روز کراچی اور ملتان جبکہ پشاور اور کوئٹہ (نائٹ) کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی،28 تاریخ کو لاہور اور کراچی جبکہ یکم مارچ کو کوئٹہ اور ملتان کے نائٹ میچز ہوں گے۔
3 تاریخ کو کراچی و پشاور جبکہ لاہور و اسلام آباد (نائٹ) کا سامنا ہونا ہے،4 مارچ کو پشاور و اسلام آباد جبکہ اگلے روز کراچی وملتان کے نائٹ میچز رکھے گئے ہیں، 6 مارچ کو کوئٹہ و اسلام آباد جبکہ لاہور و پشاور (نائٹ) کے میچز ہونے ہیں، اگلے دن کراچی و اسلام آباد جبکہ کوئٹہ و ملتان (نائٹ) نبردآزما ہوں گے، 2 دن آرام کے بعد میچز دوسرے وینیو پر کھیلے جائینگے، 10 مارچ کو لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائٹیڈ کا نائٹ میچ ہونا ہے، اگلے روز کراچی اور پشاور کا مقابلہ بھی فلڈ لائٹس میں ہوگا۔
12 مارچ کو لاہور و ملتان جبکہ پشاور و اسلام آباد (نائٹ) سامنا کریں گے، اگلے دن کراچی و کوئٹہ جبکہ اسلام آباد و ملتان (نائٹ) میچز رکھے گئے ہیں،14 مارچ کو پشاور و کوئٹہ جبکہ لاہور و کراچی (نائٹ) کے مقابلے ہونے ہیں، 15 مارچ کو پشاور و ملتان جبکہ اگلے روز لاہور و کوئٹہ کے نائٹ میچز ہونگے۔
ایک دن آرام کے بعد18تاریخ کو پوائنٹس ٹیبل کی ابتدائی 2ٹیمیں کوالیفائر کھیلیں گی، فاتح کو براہ راست فائنل میں انٹری مل جائے گی،19اور20 مارچ کو بالترتیب ایلیمنیٹر ون اور ٹو کھیلے جائیں گے،نئے چیمپئن کا فیصلہ 22 تاریخ کو ہوگا۔
پی ایس ایل 6 ڈرافٹ،ابتدائی راؤنڈ میں اسلام آباد کی پہلی ’’پک‘‘
پی ایس ایل 6 ڈرافٹ جنوری کے دوسرے ہفتے میں لاہور میں متوقع ہیں، ابتدائی راؤنڈ کی پہلی ’’پک‘‘ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ہوگی، چناؤ کا دوسرا موقع ملتان سلطانز کو ملے گا، لاہور قلندرز تیسری اورپشاور زلمی چوتھی پک کرے گی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی پہلے راؤنڈ میں پانچویں اور کراچی کنگز کی چھٹی پک ہوگی۔
اس سے پہلے فرنچائزرز کی مشاورت سے لوکل پلیئرزکی کیٹیگریز میں ترقی اور تنزلی کا مرحلہ مکمل ہوچکا،دیگر اہم معاملات کے حوالے سے بھی پی سی بی حکام اور ٹیم فرنچائزرز کے درمیان تبادلہ خیال جاری ہے۔