news
English

پی ایس ایل کے افق پر جگمگانے والے ستاروں کا انتخاب

پی ایس ایل 6 کے لیے فرنچائزز اپنے اسکواڈز اتوار کو مکمل کریں گی

پی ایس ایل کے افق پر جگمگانے والے ستاروں کا انتخاب فوٹو: پی سی بی

پی ایس ایل کے افق پر جگمگانے والے ستاروں کاانتخاب جاری ہے جب کہ ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں ہونے والے ڈرافٹ میں ہر فرنچائز کی من پسند کرکٹرز پر نگاہیں مرکوز ہیں-

پی ایس ایل 6 کے لیے فرنچائزز اپنے اسکواڈز اتوار کو مکمل کریں گی، نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں ڈرافٹ تقریب میں ٹیمیں بہتر سے بہتر کمبی نیشن بنانے کی ہر ممکن کوشش کریں گی، طریقہ کار کے مطابق پہلے راؤنڈ کے لیے پک آرڈر میں بالترتیب اسلام آباد یونائیٹڈ، ملتان سلطانز، لاہور قلندرز، پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کرکٹرز کا انتخاب کریں گے، دیگر راؤنڈز کے لیے پک آرڈر خصوصی طور پر وضع کردہ شماریاتی طریقہ کار کے مطابق ہوگا۔

مجموعی طور پر 16 باقاعدہ اور سپلیمنٹری کیٹیگری کیلیے 2راؤنڈز ہوں گے، ابتدائی تینوں کیٹیگریز کے 3، 3 راؤنڈز میں کم از کم ایک غیرملکی اور ایک ملکی کرکٹر کا انتخاب کرنا ہوگا، سب سے پہلے پلاٹینیم کیٹیگری پلیئرز منتخب کیے جائیں گے، اگلے تینوں راؤنڈز ڈائمنڈ کے ہوں گے، اس کے بعد راؤنڈز میں گولڈ پلیئرز کا انتخاب کیا جائے گا، یوں ہر ٹیم کی 9 پکس مکمل ہوجائیں گی، ان میں کم ازکم 3،3 غیر ملکی کرکٹرز شامل ہوں گے۔

سلور کیٹیگری کے 5 اور ایمرجنگ 2 راؤنڈز ہوں گے، بعد ازاں ٹیموں کو 2 سپلیمنٹری راؤنڈز میں کھلاڑیوں کے انتخاب کا موقع دیا جائے گا، ہر ٹیم کو پلاٹینم سے سلور کیٹیگری تک وائلڈ کارڈ کے ذریعے ایک پک کی اجازت ہوگی، مجموعی طور پر پلاٹینم،ڈائمنڈ اور گولڈ کے 3،3، سلور 5، ایمرجنگ 2 کرکٹرز کے ساتھ 16 رکنی اسکواڈ تشکیل پائے گا، اگر کوئی ٹیم چاہے تو 2 سپلیمنٹری پلیئرز کے ساتھ تعداد 18 کرسکتی ہے، 16 رکنی اسکواڈ میں 5 غیر ملکی اور 11 ملکی کرکٹرز شامل ہوں گے۔

اگر تعداد 18تو 6غیرملکی اور 12ملکی کھلاڑی یا 5 ملکی اور 13 غیرملکی کھلاڑی شامل کرنا ہوں گے، ٹورنامنٹ کے دوران کم ازکم 3اور زیادہ سے زیادہ 4غیرملکی کرکٹرز پلیئنگ الیون کا حصہ بنائے جا سکیں گے۔

دریں اثناء پی ایس ایل 6 کے لیے 6 فرنچائز ز نے برقرار اور ریلیز کیے جانے والے کھلاڑیوں کی فہرست جاری کر دی ہے، دفاعی چیمپئن کراچی کنگز نے پلاٹینیم میں بابراعظم، محمد عامر، ڈائمنڈ میں عماد وسیم، گولڈ میں عامر یامین، شرجیل خان، سلور میں وقاص مقصود اور ایمرجنگ میں ارشد اقبال کو شامل رکھا، کیمرون ڈیلپورٹ، چیڈویک والٹن، کرس جارڈن، افتخار احمد، محمد رضوان، عمر خان اور اسامہ میر کو فارغ کردیا۔

لاہور قلندرز نے پلاٹینم میں محمد حفیظ، شاہین شاہ آفریدی، ڈائمنڈ میں فخر زمان کا ساتھ بھی برقرار رکھا، ڈیوڈ ویسا، حارث رؤف، گولڈ میں بین ڈنک اور دلبر حسین، سلور میں سہیل اختر کو برقرا رکھا، عابد علی، کرس لین،ڈین ویلاز، سلمان بٹ، سلمان ارشاد، سمٹ پٹیل اور عثمان شنواری کی چھٹی کردی۔

ملتان سلطانز نے پلاٹینیم میں شاہد آفریدی اور رائلی روسو، ڈائمنڈ میں سہیل تنویر، عمران طاہر، خوشدل شاہ، گولڈ میں جیمز ونس، شان مسعود اور عثمان قادر کو برقرار رکھا، اسد شفیق، بلاول بھٹی، جنید خان، محمد عرفان، روحیل نذیر، روی بوپارا، معین علی اور ذیشان اشرف کے ساتھ اپنا سفر تمام کردیا۔

پشاور زلمی نے پلاٹینیم میں وہاب ریاض، شعیب ملک، ڈائمنڈ میں کامران اکمل، گولڈ میں لیام لیونگ اسٹون اور حیدر کو برقرار رکھا، حسن علی، امام الحق،کارلوس بریتھ ویٹ، راحت علی، یاسر شاہ اور کیرون پولارڈ کو رخصت کر دیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پلاٹینیم میں سرفراز احمد، ڈائمنڈ میں بین کٹنگ، محمد حسنین، محمد نواز، گولڈ میں اعظم خان، نسیم شاہ، سلور میں زاہد محمود اور انور علی کو شامل رکھا، احمد شہزاد، عمر اکمل، فواد احمد، جیسن روئے، خرم منظور، سہیل خان اور کیمو پاؤل کی چھٹی کردی گئی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے پلاٹینیم میں شاداب خان، ڈائمنڈ میں کولن منرو، فہیم اشرف، گولڈ میں حسین طلعت، آصف علی، سلور میں موسیٰ خان اور ظفر گوہر کو بدستور شامل رکھا، ڈیل اسٹین، لیوک رونکی، فل سالٹ اور رومان رئیس فارغ ہو گئے۔ واحد ٹریڈ میں ایلکس ہیلز اسلام آباد یونائیٹڈ اور کولن انگرام کراچی کنگز میں چلے گئے۔