news
English

کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث پی ایس ایل 6 ملتوی

پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں اب تک 6 کھلاڑی کورونا میں مبتلا ہوچکے ہیں

کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث پی ایس ایل 6 ملتوی فوٹو: پی سی بی

کراچی: پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث لیگ ملتوی کردیا گیا۔ 

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پی ایس ایل 6 میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث 20 فروری سے شروع ہونے والی لیگ کو ملتوی کردیا گیا ہے۔

پی سی بی اور ٹیم مالکان کے درمیان منعقدہ ورچوئل میٹنگ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ 6 کو فوری طور پر ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔

پی سی بی اب فوری طور پر تمام 6 ٹیموں کے شرکاء کی پی سی آر ٹیسٹنگ، کورونا ویکسین اور آئسولیشن سہولیات کے لیے اقدامات کرے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان اور ڈائریکٹر کمرشل بابرحامدسہ پہر تین بجے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقدہ پریس کانفرنس میں مزید تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔ پریس کانفرنس روم میں محدود جگہ کے باعث ویڈیو کیمرہ پرسنز کو پریس کانفرس میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی تاہم پی سی بی اپنے یو ٹیوب چینل پر پریس کانفرنس کو لائیو اسٹریم کرے گا۔

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ’’پی ایس ایل کو نظر لگ گئی۔

دوسری جانب چند گھنٹے قبل کراچی کنگز کے آسٹریلوی کھلاڑی ڈینیئل کرسٹین نے پی ایس ایل 6 سے دستبرداری کا اعلان کردیا تھا جس کی تصدیق پی سی بی نے خود کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کنگز کے آل راؤنڈر ڈین کرسٹین دبئی روانہ ہورہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان اور کراچی کنگز کے بولنگ کوچ وسیم اکرم بھی پی ایس ایل چھوڑنے کے حوالے سے مشاورت کررہے تھے کیوں کہ ڈاکٹرز نے انہیں مشورہ دیا تھا کہ وہ فوراً لیگ چھوڑدیں کیوں کہ ذیابطیس کی وجہ سے انہیں خطرہ ہو سکتا ہے ۔

اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے تصدیق کی گئی تھی کہ پی ایس ایل 6 کی 2 ٹیموں کے مزید 3 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ یہ تینوں کھلاڑی اب 10 روز تک آئسولیشن میں رہیں گے۔

ان تینوں کھلاڑیوں نے بدھ کے روز ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کے منعقدہ ڈبل ہیڈر میچز میں شرکت نہیں کی۔ ان تینوں کھلاڑیوں میں علامات ظاہر ہونے کے بعدان کے کورونا ٹیسٹ گذشتہ روز دوپہر میں کروائے گئے تھے۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کی آرگنائزنگ کمیٹی   آج بروز جمعرات تمام ٹیموں کے مالکان اور ان کی منیجمنٹ کے ساتھ ورچوئل میٹنگ میں شرکت کرے گی، جس کی تفصیلات بعد میں شیئر کی جائیں گی۔

واضح رہے پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے دوران 7 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جن میں 6 کھلاڑی اور ایک آفیشل شامل ہے جب کہ پی سی بی کی جانب سے تمام کھلاڑیوں کو کورونا ویکسین لگانے کی پیشکش بھی کی گئی تھی۔