news
English

پی ایس ایل 8 کے ٹاپ اسٹار پلیئرز گھر پر رہیں گے

 کراچی: افغانستان سے ہونے والی کرکٹ سیریز میں پی ایس ایل 8 کے ٹاپ اسٹار پلیئرز گھر پر رہیں گے۔

پی ایس ایل 8 کے ٹاپ اسٹار پلیئرز گھر پر رہیں گے

رواں ماہ افغانستان سے 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کردیا گیا،کئی اہم کھلاڑیوں کو آرام کا موقع دیا گیا ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ ان میں سے بیشتر کھلاڑی پی ایس ایل کے ٹاپ پرفارمرز ہیں، بیٹنگ ایوریجز میں ٹاپ پر موجود محمد رضوان اور دوسرے نمبر کے حامل بابراعظم کو آرام دے دیا گیا۔

رضوان نے 10 میچز میں 483 رنز 60.37 کی اوسط سے بنائے، اس دوران ان کا اسٹرائیک ریٹ 145.04 رہا، وہ ایک سینچری اور 4 ففٹیز اسکور کرچکے ہیں۔

پشاورزلمی کے کپتان بابراعظم نے 9 میچز میں 52 کی ایوریج سے 416 رنز بنائے، ان کا اسٹرائیک ریٹ 146.47 رہا، عماد وسیم پھر سے ٹیم میں آگئے تاہم ان کی ٹیم کراچی کنگز پلے آف میں جگہ نہیں بناسکی۔

عماد نے 10 میچز میں 404 رنز 134.66 کی اوسط سے بنائے، ان کا اسٹرائیک ریٹ 170.46 رہا۔ رائلی روسو نے 388 رنزاسکور کیے، پانچویں کامیاب بیٹر فخر زمان نے 378 رنز بنائے ہیں،انھیں بھی ریسٹ دے دیا گیا۔

 مارٹن گپٹل نے 310 رنز بنائے، صائم ایوب  309 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، اعظم خان نے 280 رنز بنائے، شان مسعود 236 رنز بنا کر اسکواڈ کا حصہ بن گئے، ان کی ایوریج 26.22 اور اسٹرائیک ریٹ 124.80 تھا۔

دوسری جانب بولرز میں سب سے زیادہ ملتان سلطانز کے عباس آفریدی نے 22 وکٹیں لیں مگر قومی ٹیم میں شامل نہیں ہوسکے، ان کے ساتھی کھلاڑی احسان اللہ کو 20 شکار پر گرین شرٹ زیب تن کرنے کا موقع مل گیا۔ راشد خان نے 15شکار کیے، تیسرے کامیاب بولر شاہین شاہ آفریدی اور نمبر 4 حارث رؤف نے 14، 14 وکٹیں لیں مگر قومی ٹیم کا حصہ بن کر یو اے ای نہیں جا سکیں گے۔