news
English

پی ایس ایل 8: لاہور اور راولپنڈی کے میچز کراچی منتقل ہونے کا امکان

 لاہور: پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز کی پنجاب سے کراچی منتقلی کا امکان ہے، پی سی بی نے فرنچائزز سے مشاورت کیلئے کل ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔

پی ایس ایل 8: لاہور اور راولپنڈی کے میچز کراچی منتقل ہونے کا امکان

پی سی بی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے ہنگامی اجلاس جمعہ کو طلب کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے میچز کرانے کے لئے پچاس کروڑ روپے ادائیگی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

ضلعی حکومت نے میچ کرانے کے لئے 50 کروڑ روپے کے بل بھیج دیے ہیں، یہ بل لائٹنگ، کھانے اور سیکیورٹی کی مد میں بھیجے گئے ہیں، پی سی بی نے کھانے پینے کی مد میں پانچ کروڑ روپے کی ادائیگی کردی ہے جبکہ کراچی میں میچ منعقد کرانے کے لئے پی سی بی کو یہ اخراجات ادا کرنے نہیں پڑتے۔

ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے سیکیورٹی فورسز کے کھانے کی مد میں صرف تین کروڑ لئے ہیں۔ پی سی بی یہ اخراجات بچانے کے لیے میچ کراچی منتقل کرسکتا ہے۔

اجلاس میں یہ تعین کیا جائے گا کہ اگر یہ پیمنٹ کرنی ہے تو کون یہ بوجھ برداشت کرے گا۔ میچز کراچی منتقل کرنے ہیں تو وہ کتنے ہوں گے، یاد رہے کہ پی ایس ایل 8 کے فائنل سمیت مجموعی طور پر نو میچز کی میزبانی لاہور نے کرنی ہے۔